0
Sunday 8 Oct 2017 10:30

آئندہ الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ حکومت میں آئینگے، پرویز خٹک

آئندہ الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ حکومت میں آئینگے، پرویز خٹک
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف صوبے اور ملک میں ناقابل تردید حقیقت بن چکی ہے۔ سیاسی اور مذہبی پارٹیوں کے دیرینہ کارکنوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت، کرپشن اور اقربا پروری کا خاتمہ، صوبے میں اداروں کی فعالیت اور خدمات کی فراہمی کا قابل عمل نظام دینا ایسے حقائق ہیں، جن سے پارٹی کے گراف میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا جوق در جوق تحریک انصاف میں شامل ہونا تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی غریب عوام دوستی کا ثبوت ہے۔ دیگر سیاسی اور مذہبی پارٹیوں کے دیرینہ کارکن صوبائی حکومت کی کارکردگی سے متاثر ہوکر اپنی پارٹیوں کو خیرآ باد کہہ رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کی کرپشن ثابت ہو چکی ہے۔ نااہل وزیراعظم کو پارٹی صدر بنانا انتہائی افسوسناک بات ہے، عوام کی لوٹی گئی ایک ایک پائی عمران خان کی قیادت میں واپس لاکر ملک کے غریب عوام پر خرچ کریں گے۔ اے این پی، پی پی پی اور دیگر سیاسی پارٹیاں اتحاد بنا کر بھی پی ٹی آئی کو شکست نہیں دے سکتیں۔
 
تحریک انصاف 2018ء کے انتخابات میں خدمت کے بل بوتے پر نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے سابق ضلعی سیکرٹری جنرل سلیم مجاہد، مسلم لیگ نون پی کے سولہ کے سابق امیدوار محمد طاہر یوسفزئی، محمد زاہد یوسفزئی، ایم ایس ایف کے سابق ضلعی صدر اسد بمع جملہ کابینہ و درجنوں طلباء، پشاور کے محمد فیضان خان، ویلج ناظم خویشگی بالا حشمت علی، میاں مرجان علی سابق ناظم، سابق ضلعی سینئر نائب حیات ماما، ایم ایس ایف کے سابق ضلعی صدر اسد خان بمع کابینہ، ندیم، کمال انور رسالپور، ولی رحمٰن، کونسلر فضل ودود، قاضی وقار احمد کونسلر صدر پیر سباق بمع کابینہ، خورہ آباد سے حاجی امیر زادہ بمع خاندان، اول خان بمع خاندان، ماشم صدر خورہ آباد، سرتاج خان بمع خاندان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ نون سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک، صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل، ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک نے نئے شامل ہونے والوں کو پی ٹی آئی کی ٹوپیاں پہنائی اور ان کا پارٹی میں خیر مقدم کیا۔

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ سلیم مجاہد نے ہمیشہ اپنی پارٹی کے لئے جدوجہد کی مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ان کی خدمات کو ان کی پارٹی نے بھلا دیا ہے۔ پرویز خٹک نے مزید کہا کہ میرے منصوبوں پر افتتاحی تختیاں لگا کر امیر مقام پی کے سولہ سمیت نوشہرہ کے دیگر علاقوں کے لئے سوئی گیس فراہمی کے سبز باغ دکھا کر نوشہرہ کے عوام کو گمراہ کررہے تھے یہ اچھا ہوا کہ عوام کو بہت جلد حقائق معلوم ہو گئے ہیں۔ صوبائی حکومت نے بجلی گیس کے لئے اربوں روپے فنڈ فراہم کئے این اے پانچ میں ڈاکٹر عمران خٹک اور صوبائی حکومت نے 370 کلو میٹر طویل سوئی گیس منظور کرائی جس کے لئے فنڈ بھی صوبائی حکومت نے فراہم کئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اور امیر مقام صرف اعلانات تک محدودر ہے۔ امیر مقام شانگلہ کے عوام کی خدمت نہیں کرسکتے وہ نوشہرہ کے عوام کی کیا خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر کوئی کرپشن اور کمیشن ثابت کر دے میں سیاست چھوڑ دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ این اے 4 میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، کیونکہ کے پی ٹی آئی نے تبدیلی کے نام پر عوام سے ووٹ لیا تھا اور اپنے منشور پر من و عن عمل کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 674989
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش