0
Sunday 8 Oct 2017 12:18

فاٹا اصلاحات میں تاخیر، پرویزخٹک اور جے آئی کا قبائلی عوام کے دھرنے میں شرکت کا فیصلہ

فاٹا اصلاحات میں تاخیر، پرویزخٹک اور جے آئی کا قبائلی عوام کے دھرنے میں شرکت کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ فاٹا اصلاحات میں تاخیر کے خلاف کل (پیر 9 اکتوبر کو) اسلام آباد میں قبائلی عوام کے دھرنے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماؤں نے بھی شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ کو دھرنے میں شرکت کی دعوت فاٹا پارلیمنٹیرین الحاج شاہ گل آفریدی نے ٹیلیفون کے ذریعے دی۔ الحاج شاہ جی گل کے مطابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے علاوہ اس دھرنے میں پاکستان تحریک انصاف کے دیگر مرکزی و صوبائی لیڈرز بھی شرکت کریں گے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی اور قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں نے بھی اس دھرنے میں شرکت کرنے کی یقین دہائی کرائی ہیں۔ دوسری جانب جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان نے بھی کل ہونے والے دھرنے میں پوری قوت کے ساتھ شرکت کا اعلان کیا ہے۔ خیبر ایجنسی کے ایک وفد سے گزشتہ روز پشاور میں ملاقات کے دوران جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان نے کہا کہ فاٹا کو صوبہ میں ضم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور انگریزوں کی جانب سے پختونوں کے درمیان کھینچی گئی اس لکیر کو ہمیشہ کےلئے ختم کرکے رہیں گے۔ اس وفد کی قیادت جماعت اسلامی فاٹا کے جنرل سیکرٹری محمد رفیق آفریدی کررہے تھے۔ اس موقع پر مشتاق احمد خان نے کہا کہ اگر ایک جانب قبائلی عوام ایف سی آر کے کالے قانون کے نیچھے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں تو دوسری طرف وفاق کی سرپرستی میں ان علاوں میں روزانہ کی بنیاد پر اربوں روپے کی کرپشن ہوتی ہیں کیونکہ حکمران فاٹا کو سونے کا انڈا دینے والی مرغی سمجھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدامنی سمیت فاٹا کے تمام مسائل کا واحد حل فاٹا کا خیبرپختونخوا میں انضمام ہے اور اس ضمن میں اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی وہ حمایت کریں گے اور جو لوگ انضمام کی مخالفت کرنے کے ساتھ قبائلی عوام ہر اپنی ہمدردیاں تھوپنے کی کوشش کررہے ہیں اصل میں وہی لوگ قبائلیوں کے دشمن ہیں۔ یاد رہے کہ فاٹا اصلاحات میں تاخیر کے خلاف کل ( پیر کے روز) اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے سامنے فاٹا سیاسی اتحاد اور فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کی حمایت کرنے والے قبائلی پارلیمنٹیرینز کی جانب سے دھرنا منعقد کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 675028
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش