QR CodeQR Code

شاہد خاقان عباسی کرپٹ اور نااہل وزیراعظم کے نمائندہ ہیں، وزیر اطلاعات سندھ

8 Oct 2017 23:40

پیپلز میڈیا سیل کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عمران خان کا نام لوگوں نے یوٹرن خان رکھ دیا ہے، اپوزیشن اگر ایمپائر کی انگلی پر چلنے والا اپوزیشن لیڈر لانا چاہتی ہے، تو خورشید شاہ انگلی کے اشاروں پر چلنے والوں میں سے نہیں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کاغذی وزیراعظم نے جھوٹے الزامات لگائے ہیں، شاہد خاقان عباسی خود ایل این جی کرپشن کے کیسز میں لتھڑے ہوئے ہیں، عمران خان کا نام لوگوں نے یوٹرن خان رکھ دیا ہے، نواز شریف جب بھی سندھ آئے، جھوٹے اعلانات کئے، لیکن کبھی وعدے پورے نہیں کئے، اپوزیشن اگر ایمپائر کی انگلی پر چلنے والا اپوزیشن لیڈر لانا چاہتی ہے، تو خورشید شاہ انگلی کے اشاروں پر چلنے والوں میں سے نہیں ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز میڈیا سیل کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ناصر حسین شاہ نے شاہد خاقان عباسی کو کاغذی شیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اوپر بھی ایل این جی سمیت مختلف کیس چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم باتوں سے مینار کھڑا کرنے کے بجائے این ایف سی ایوارڈ جاری کریں، ایل این جی کرپشن کنگ بھی اپنے گرو کے نقشے قدم پر چل رہا ہے، وزیراعظم کرپشن کی بات کرنے سے پہلے وضو کر لیا کریں، شاہد خاقان عباسی کرپٹ اور نااہل وزیراعظم کے نمائندہ ہیں، ایک کٹھ پتلی سے زیادہ ان کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹرن خان کے میرٹ کا معیار جہاز اور جہانگیر ترین ہے، ان کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، آج عمران خان بلاول بھٹو کے خلاف باتیں کر رہے ہیں، پہلے وہ خود بتائیں کہ ان کی پارٹی کس کی پرچی پر اتنی اوپر آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اگر ایمپائر کی انگلی پر چلنے والا اپوزیشن لیڈر لانا چاہتی ہے، تو خورشید شاہ انگلی کے اشاروں پر چلنے والوں میں سے نہیں ہیں، اگر اپوزیشن کا کردار ایمپائر کی انگلی کا انتظار کرنا ہے، تو یہ ہم سے نہیں ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 675161

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/675161/شاہد-خاقان-عباسی-کرپٹ-اور-نااہل-وزیراعظم-کے-نمائندہ-ہیں-وزیر-اطلاعات-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org