QR CodeQR Code

آئندہ عام انتخابات میں پنجاب کی طرح سندھ سے بھی پیپلز پارٹی کا خاتمہ ہو جائیگا، عارف علوی

8 Oct 2017 23:58

کراچی میں تحریک انصاف سندھ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ زرداری ٹولہ خوفزدہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے، سندھ حکومت کی تمام پالیساں ناکام ہوگئیں ہیں، نوجوان روز گار کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عمران خان سندھ سے چوروں کو بھگانے کیلئے ہر گوٹھ گلی اور کوچوں میں پہنچیں گے، سندھ میں تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھ کر زرداری ٹولہ خوفزدہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے، سندھ حکومت کی تمام پالیساں ناکام ہوگئیں ہیں، نوجوان روز گار کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ کراچی میں تحریک انصاف سندھ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 20 اکتوبر کو عمر کوٹ اور 22 اکتوبر کو سہون شریف میں جلسہ ہوگا، جس میں پارٹی چیئرمین عمران خان خطاب کریں گے، تحریک انصاف اور چیئرمین عمران خان کا پیغام گلی گلی گھر گھر پہنچانے میں کارکنان اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، آئندہ انتخابات میں وفاق سمیت سندھ میں بھی تحریک انصاف کی حکومت بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کسی بھی کرپٹ ٹولے کے متحمل نہیں ہو سکتے، سندھ کے عوام تبدیلی کے خواہشمند ہیں اور حقیقی تبدیلی کیلئے تحریک انصاف کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی تعلیمی ایمرجنسی کی قلعی کھل گئی ہے، ایمر جنسی کے نام اربوں کی کرپشن کی گئی، 9 سالہ دور حکومت میں پیپلز پارٹی نے سندھ کو کھوکھلا کر دیا ہے، مگر اب سندھ کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں، آئندہ عام انتخابات میں پنجاب کی طرح سندھ سے بھی پیپلز پارٹی کا خاتمہ ہو جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 675166

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/675166/آئندہ-عام-انتخابات-میں-پنجاب-کی-طرح-سندھ-سے-بھی-پیپلز-پارٹی-کا-خاتمہ-ہو-جائیگا-عارف-علوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org