QR CodeQR Code

بٹگرام، سی پیک متاثرین کا 12 اکتوبر کو شاہراہ ریشم بند کرنیکا اعلان

9 Oct 2017 21:36

متاثرین سی پیک کا کہنا ہے کہ یونین کونسل بانیاں میں سی پیک سے متاثرہ افراد کو زمین کی قیمت فی فٹ 1600 روپے دیئے جا رہے ہیں جبکہ علاقہ دیشان میں فی فٹ 800 سے 1200 روپے دیئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سی پیک انتظامیہ کی جانب سے اس ظالمانہ سلوک کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے متاثرہ دیشانی قوم  نے زمینوں کی کم قیمت دینے کے خلاف 12 اکتوبر کو شاہراہ ریشم بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ضمن میں بٹگرام کے دیشانی قبیلے کا کچہری چوک میں ایک جرگہ منعقد ہوا جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور علاقہ عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر تعلیم الحاج یوسف خان ترند، سابق وفاقی وزیر پانی و بجلی الحاج عالم زیب خان تھاکوٹ، اہلسنت والجماعت کے صوبائی صدر علامہ عطاء محمد دیشانی، جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء مولانا رشید احمد اور ضلع ناظم عطاءالرحمن خان ترند کا کہنا تھا کہ ضلع بٹگرام میں سی پیک سے متاثرہ دیشانی قوم کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے، زمینوں اور مکانات کے انتہائی کم ریٹ دیئے جارہے ہیں جو ہمیں کسی بھی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل بانیاں میں سی پیک سے متاثرہ افراد کو زمین کی قیمت فی فٹ 1600 روپے دیئے جا رہے ہیں جبکہ علاقہ دیشان میں فی فٹ 800 سے 1200 روپے دیئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سی پیک انتظامیہ کی جانب سے اس ظالمانہ سلوک کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر جرگہ نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا کہ 12 اکتوبر کو جمعرات کے روز "کس پل" کے مقام پر بٹگرام کی تمام سیاسی پارٹیاں اور اقوام احتجاجی مظاہرہ کریں گے اور شاہراہ ریشم کو ٹریفک کیلئے بند کردیں گے جس کے بعد سی پیک حکام کے ساتھ تمام تر معاملات دفتر کی بجائے سڑک پر حل کئے جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 675381

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/675381/بٹگرام-سی-پیک-متاثرین-کا-12-اکتوبر-کو-شاہراہ-ریشم-بند-کرنیکا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org