QR CodeQR Code

وائٹ ہاؤس ایک ڈے کیئر نرسری بن گیا ہے

ڈونلڈ ٹرمپ کو اندازہ ہی نہیں کہ امریکی صدر کی جھوٹ پہ مبنی ٹویٹس کے دنیا پر کیا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، امریکی سینیٹر

موجودہ صدر ہمارے لیے باعث شرم ہے

9 Oct 2017 23:04

روزنامہ نیو یارک ٹائمز کے ساتھ ٹیلی فون پر انٹرویو میں کہا کہ انہیں صدر کے رویے پر تشویش ہے، صدر جس طرح جوہری ہتھیاروں سے لیس شمالی کوریا کو للکارتے ہیں وہ امریکہ کو تیسری جنگ عظیم کی جانب دھکیل سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے رپبلکن چیئرمین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کو تیسری جنگِ عظیم کے راستے پر ڈال دیا ہے۔ سینیٹر باب کروکر کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ صدارت کے عہدے کو کسی ریئلیٹی شو کی طرح استعمال کر رہے ہیں۔ موجودہ صدر کی اپنی ہی پارٹی کی جانب سے ایسا بیان خاصی اہمیت کا حامل ہے۔ گذشتہ سال صدر ٹرمپ باب کروکر کو وزیر خارجہ بنانے پر غور کر رہے تھے۔ باب کروکر نے اتوار کو روزنامہ نیو یارک ٹائمز کے ساتھ ٹیلی فون پر انٹرویو میں کہا کہ انہیں صدر کے رویے پر تشویش ہے۔ بی بی سی کے مطابق باب کروکر نے کہا کہ میرے خیال میں ڈونلڈ ٹرمپ کو اندازہ ہی نہیں کہ جب امریکی صدر کچھ کہتا یا کچھ کرتا ہے تو اس کے اثرات پوری دنیا پر دکھائی دیتے ہیں۔ باب کروکر کا کہنا ہے کہ انہیں صدر کے روئیے پر تشویش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر جس طرح جوہری ہتھیاروں سے لیس شمالی کوریا کو للکارتے ہیں وہ امریکہ کو تیسری جنگ عظیم کی جانب دھکیل سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات ان کی سمجھ سے باہر ہے کہ صدر ٹرمپ ایسی باتیں ٹویٹ کیوں کرتے ہیں جو سچ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ ہر روز وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ کو کس طرح ایسی باتوں سے روکنا پڑتا ہے۔ صدر ٹرمپ اور باب کروکر کے درمیان یہ تلخ کلامی اتوار کی صبح اس وقت شروع ہوئی جب صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کیا تھا کہ مسٹر باب کروکر چاہتے ہیں کہ صدر دوبارہ الیکشن کے لیے ان کی حمایت کریں اور انھوں نے انکار کر دیا۔ باب کروکر نے صدر کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ شرم کی بات ہے کہ وائٹ ہاؤس ایک ڈے کیئر نرسری بن گیا ہے جہاں ٹرمپ کو ایسی باتوں سے روکا جاتا ہے لگتا ہے آج کوئی شفٹ پر نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 675401

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/675401/ڈونلڈ-ٹرمپ-کو-اندازہ-ہی-نہیں-کہ-امریکی-صدر-کی-جھوٹ-پہ-مبنی-ٹویٹس-کے-دنیا-پر-کیا-اثرات-مرتب-ہوسکتے-ہیں-سینیٹر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org