QR CodeQR Code

پاکستان کو بحران کی طرف جاتا دیکھ رہا ہوں، کسی فرد یا حکمران کی جنگ نہیں لڑ رہا، مولانا فضل الرحمان

10 Oct 2017 06:26

نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ ہم آزاد قوم ہیں کسی کی غلامی کرنے کو تیار نہیں، ہماری تمام توانائیاں دفاعی اخراجات پر خرچ ہورہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے چور دروازے سے ختم نبوت کے قلعے میں نقب لگانے کی کوشش کی گئی جسے ہم نے 24 گھنٹوں میں ناکام بنا دیا۔ نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم آزاد قوم ہیں کسی کی غلامی کرنے کو تیار نہیں، ہماری تمام توانائیاں دفاعی اخراجات پر خرچ ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین سے ہماری 70 سالہ دوستی اقتصادی دوستی میں تبدیل ہورہی ہے اور سی پیک کی شکل میں پاکستان کے سامنے نیا مستقبل ہے لیکن پاکستان کو ایک بار پھر سیاسی بحران کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کو بحران کی طرف جاتا دیکھ رہا ہوں، کسی فرد یا حکمران کی جنگ نہیں لڑ رہا۔ جے یو آئی( ف) کے امیر کا کہنا تھا کہ چور دروازے سے ختم نبوت کے قلعے میں نقب لگانے کی کوشش کی گئی جسے ہم نے 24 گھنٹوں میں ناکام بنا دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی نے مذہب کے نام پر اسلحہ اٹھانےکی کوشش کی ہے تو علماء نے اس کو ناکام کیا ہے لیکن کسی ادارے کو توفیق نہیں کہ پاکستان کے مذہبی طبقے کا شکریہ ادا کرے لیکن اس کے باوجود ہم نے ثابت کرکے دکھایا کہ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہرآدمی فاٹا کاماما، چاچا بن رہا ہے اور سنا ہے آج کچھ لوگ فاٹا کے مسئلے پردھرنا دینے اسلام آباد گئے ہیں لیکن اسلام آباد کی ریلی میں فاٹا کے لوگ تو شامل ہی نہیں ہیں، فاٹا کے مستقبل کو ٹھیک کرنا ہے تو شائستگی کے ساتھ آگے بڑھو اور اس مسئلے کو مشاورت کے ساتھ طے کرو۔ کے پی کے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انہوں نے کہا تھا ہم صوبے میں کارخانے بنائیں گے لیکن یہاں الٹے بند کردیے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 675439

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/675439/پاکستان-کو-بحران-کی-طرف-جاتا-دیکھ-رہا-ہوں-کسی-فرد-یا-حکمران-جنگ-نہیں-لڑ-مولانا-فضل-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org