QR CodeQR Code

لاپتہ شیعہ افراد بازیاب نہ ہوئے تو جیل بھرو تحریک کو پورے ملک میں پھیلا دیا جائیگا، علامہ مقصود ڈومکی

10 Oct 2017 22:27

صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ بعض اداروں کے اہلکار اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں، اگر اغواء کئے گئے شیعہ افراد سے کوئی جرم سرزد ہوا ہے، تو عدالتوں میں پیش کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کراچی میں مجاہد عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی کی ملت جعفریہ کے لاپتہ افراد کی بازیابی کی خاطر خود کی احتجاجاً گرفتاری پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، علامہ حسن ظفر نقوی کا یہ اقدام ملت کے مظلوم طبقے کیساتھ ہمدردی اور حقیقی درد و اخلاص کی علامت ہے۔ ایم ڈبلیو ایم سندھ کے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ ملت تشیع کے سینکڑوں لاپتہ افراد کی عدم بازیابی سے ان کے اہل خانہ شدید اضطراب کا شکار ہیں، جبری طور اغواء کرکے لاپتہ کرنا اور اہل خانہ کو ان لاپتہ افراد کے متعلق کوئی معلومات نہ دینا عدل و انصاف کے منافی اقدام ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اداروں کے اہلکار اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں، اگر اغواء کئے گئے شیعہ افراد سے کوئی جرم سرزد ہوا ہے، تو عدالتوں میں پیش کیا جائے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ ایک عرصے سے ملک میں لاقانونیت کا راج ہے اور حکومتوں کو صرف اپنے اقتدار کو طول دینے کے علاوہ مظلوم کی داد رسی سے کوئی سروکار نہیں، ایک بزرگ عالم دین کا گمشدہ افراد کی بازیابی کیلئے خود کو گرفتاری کیلئے پیش کرنے کا عمل حکومت کی بدترین کارکردگی ثبوت ہے، ملت تشیع کے بے گناہ لاپتہ افراد کو بازیاب نہ کرایا گیا، تو اس احتجاجی تحریک کو پورے ملک میں پھیلا دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مجاہد عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی میدان عمل کے سپاہی ہیں، ملت جعفریہ کے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے شروع کیجانے والی تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور یہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی، جب تک لاپتہ شیعہ افراد کو بازیاب نہیں کرایا جاتا۔ علامہ مقصود ڈومکی نے مقتدر حلقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ظلم و ناانصافی کا فوری ازالہ کریں اور لاپتہ نوجوانوں کی بازیابی کو یقینی بنا کر انکے اہل خانہ کو ذہنی کرب و اذیت سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔


خبر کا کوڈ: 675675

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/675675/لاپتہ-شیعہ-افراد-بازیاب-نہ-ہوئے-جیل-بھرو-تحریک-کو-پورے-ملک-میں-پھیلا-دیا-جائیگا-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org