QR CodeQR Code

بلوچستان، ٹیوب ویلوں کی سولر سسٹم پر منتقلی کیلئے 68 ارب روپے کا پی سی ون تیار

12 Oct 2017 12:23

سینٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقوں کا اجلاس چیئرمین سینیٹر محمد عثمان خان کاکڑ کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔ جوائنٹ سیکرٹری پاور ڈویژن نے فنکشنل کمیٹی کو بتایا کہ بلوچستان میں زراعت کیلئے 30 ہزار ٹیوب ویل بجلی سے چلتے ہیں، جن کا سٹینڈرڈ لوڈ 480 میگا واٹ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سینٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقوں کے مسائل کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ صوبہ بلوچستان میں پانی کی کمی کی وجہ سے صوبائی دارالخلافہ کوئٹہ سے شفٹ ہوگا۔ ٹیوب ویلز کے لئے سولر سسٹم کا پی سی ون 68.72 ارب روپے کا ہے، جو 30 ہزار ٹیوب ویلز کو سولر توانائی پر منتقل کرے گا۔ اس میں واٹر پمپ زیادہ سے زیادہ 20 ہارس پاور کا ہے، جبکہ بلوچستان کے کئی اضلاع میں زیر زمین پانی ہزار فٹ سے کم سطح پر ہے۔ جس کے لئے 50 ہارس پاور کے پمپ درکار ہونگے۔ سینٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقوں کا اجلاس چیئرمین سینیٹر محمد عثمان خان کاکڑ کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔ فنکشنل کمیٹی کے اجلاس میں گزشتہ اجلاسوں میں دی گئی سفارشات پر عملدرآمد اور فنانس بل 2017-18ء میں صوبہ بلوچستان کے حوالے سے مختلف منصوبوں کے لئے سفارشات پر عملدرآمد کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری پلاننگ ڈویژن نے فنکشنل کمیٹی کو بتایا کہ پلاننگ ڈویژن کے پاس سفارشات متعلقہ وزارتوں کی طرف سے بھیجی جاتی ہیں، جن کا جائزہ لے کر بعد میں فنڈز کو متعلقہ وزارت کو بھیجا جاتا ہیں تاکہ عملدرآمد کرایا جاسکے۔ سولر سکیمز پاور ڈویژن سے آئیں گی تو عملدرآمد شروع ہوگا۔ ابھی کوئی تجویز پلاننگ ڈویژن کے پاس نہیں آئی۔

جوائنٹ سیکرٹری پاور ڈویژن نے فنکشنل کمیٹی کو بتایا کہ بلوچستان میں زراعت کیلئے 30 ہزار ٹیوب ویل بجلی سے چلتے ہیں، جن کا سٹینڈرڈ لوڈ 480 میگا واٹ ہے۔ ان کے علاوہ ساڑھے نو ہزار ٹیوب ویلوں کو ڈیزل پمپ سے بھی چلایا جاتا ہیں، جہاں پانی بہت نیچے ہیں وہاں ہارس پاور پمپ کام نہیں کرتے۔ ٹیوب ویل کو سولر پر منتقل کرنے کا پی سی ون 68 ارب روپے کا تقریباً بن چکا ہے۔ 15 ہزار پمپس 7 سے 12 ہارس پاور کے ہیں، جبکہ باقی 15 سے 20 ہارس پاور کے ہونگے۔ چیئرمین کمیٹی و اراکین نے کہا کہ بلوچستان کے کئی اضلاع میں زیر زمین پانی کی سطح ہزار فٹ سے بھی نیچے ہے، جس کے لئے کم از کم 50 ہارس پاور کا پمپ چاہیئے۔ سینیٹر میر کبیر احمد محمد شاہی نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے وعدہ کیا تھا کہ بلوچستان میں ٹیوب ویل کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت 29 ارب کی اس حوالے سے سبسڈی سالانہ فراہم کر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 676037

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/676037/بلوچستان-ٹیوب-ویلوں-کی-سولر-سسٹم-پر-منتقلی-کیلئے-68-ارب-روپے-کا-پی-سی-ون-تیار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org