0
Saturday 14 Oct 2017 16:53

پشاور میں رشوت لینے پر کانسٹیبل ملازمت سے برطرف

پشاور میں رشوت لینے پر کانسٹیبل ملازمت سے برطرف
اسلام ٹائمز۔ سینئر سپرنٹنڈںٹ آف پولیس آپریشنز پشاور (ایس ایس پی) سجاد خان نے شہری سے رشوت طلب کرنے کا الزام ثابت ہونے پر ایک کانسٹیبل کو نوکری سے فارغ جبکہ سمگلروں سے روابط کا الزام ثابت ہونے پر سب انسپکٹر کی تنزلی کردی۔ واضح رہے کہ 3 اکتوبر کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دکھایا گیا تھا کہ رنگ روڈ پر ایک پولیس کانسٹیبل موٹر سائیکل سوار سے 400 روپے رشوت کا مطالبہ کر رہا تھا بصورت دیگر اسے تھانے لیجانے کی دھمکی بھی دے رہا تھا۔ ویڈیو میں رشوت طلب کرنیوالے کانسٹیبل کی شناخت کانسٹیبل عمران کے نام سے ہوئی جو تھانہ پھندو میں تعینات تھا جبکہ ایس ایس پی آپریشن نے واقعہ کی انکوائری کیلئے کمیٹی تشکیل دے کر اس سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔  کمیٹی نے گذشتہ روز اپنی رپورٹ ایس ایس پی آپریشنز کو ارسال کردی جس میں کانسٹیبل عمران کو قصور وار ٹہرایا گیا جس کی روشنی میں ایس ایس پی آپریشنز نے کانسٹیبل کو نوکری سے فارغ کردیا۔ دوسری جانب سے سمگلروں سے روابط کے الزام میں سب انسپکٹر کرم الٰہی کی تنزلی کرتے ہوئے اسے ہیڈ کانسٹیبل بنا دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق محکمے کا نام بدنام کرنے والے اہلکاروں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی جبکہ سزاء اور جزاء کا عمل جاری ہے۔ یاد رہے کہ نوکری سے فارغ کیا گیا کانسٹیبل عمران دہشتگردی کے خلاف جنگ کے دوران شہید ہونے والے ایک ڈی ایس پی کا صاحبزاہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 676519
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش