0
Sunday 15 Oct 2017 09:32

فیسوں میں اضافے کیخلاف اسلامی جمیعت طلبہ نے احتجاج کی دھمکی دیدی

فیسوں میں اضافے کیخلاف اسلامی جمیعت طلبہ نے احتجاج کی دھمکی دیدی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے ناظم جبران بٹ اور ناظم جامعہ پنجاب اسامہ اعجاز نے لاہور پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں فیسوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے عام طالبعلم سرکاری تعلیمی اداروں میں داخلے سے محروم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کئی عشرے گزرنے کے باوجود نشستوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور نہ ہی اساتذہ کی تعداد بڑھائی گئی ہے، سرکاری کالجز اور یونیورسٹیز کو وسائل سے محروم رکھا گیا ہے، جس کی وجہ سے تعلیمی ادارے فیسوں میں من مانے اضافے کر رہے ہیں جبکہ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ بھی دستیاب وسائل کو اپنی شہ خرچیوں پر ضائع کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ تعلیمی مسائل سے تنگ آ چکے ہیں اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ تعلیمی اداروں سے کرپشن کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ طلبہ رہنماﺅں کا مزید کہنا تھا کہ کل قومی پیداوار کا پانچ فیصد تعلیم کیلئے مختص کیا جائے نیز تعلیمی بجٹ کو انتظامیہ کی خوشنودی پر خرچ کرنے کی بجائے طلبہ و طالبات کی فلاح کیلئے خرچ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کرپشن کے خاتمے اور فیسوں میں کمی کا مطالبہ کرتی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر تعلیم نظام تعلیم سے غفلت اور کوتاہی برت رہے ہیں، پنجاب حکومت نے فیسوں میں اضافے کو نہ رکوایا تو صوبے بھر سے ہزاروں طلبہ کو 26 اکتوبر کو مال روڈ پر جمع کریں گے اور پنجاب حکومت کے ظالمانہ اور تعلیم دشمن اقدامات کیخلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 676651
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش