0
Sunday 15 Oct 2017 12:31

کرم ایجنسی، دھماکوں کے بعد پاک افغان سرحد سیل کردیا گیا

کرم ایجنسی، دھماکوں کے بعد پاک افغان سرحد سیل کردیا گیا
اسلام ٹائمز۔ کرم ایجنسی میں پاک افغان سرحد پر ایف سی اہلکاروں پر بارودی مواد کے دھماکوں کے بعد پاک افغان سرحد کو سیل کردیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق کرم ایجنسی کے سرحدی علاقے خرلاچی میں سرچ آپریشن کے دوران پہلے سے نصب بارودی مواد کے پھٹنے سے فوجی افسر سمیت 4 اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید اور زخمی ہونے والے اہلکار کرم ایجنسی سے غیر ملکیوں کی بازیابی کے بعد وہاں اغوا کاروں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن ٹیم کا حصہ تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید فوجی جوانوں میں کیپٹن حسنین، سپاہی سعید باز، سپاہی قادر اور سپاہی جمعہ خان جبکہ زخمیوں میں نائیک انور، سپاہی ظاہر اور لانس نائیک شیر افضل شامل ہیں۔

خیال رہے کہ دو روز قبل پاک فوج نے امریکی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کرم ایجنسی میں کامیاب آپریشن کر کے کینیڈین خاندان کو بازیاب کرایا تھا۔ دوسری جانب پولیٹیکل حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے افغان پولیس چیک پوسٹ کھیوڑہ سے 100 میٹر کے فاصلے پر ہوئے جب کہ دھماکوں کے بعد پاک افغان خرلاچی سرحد بند کردی گئی ہے۔ پولیٹیکل حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 676695
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش