QR CodeQR Code

کراچی آپریشن کو آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رکھا جائے، سینیٹر شاہی سید

15 Oct 2017 22:05

مردان ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر نے کہا کہ اسفند یار ولی کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے سے پہلے عمران خان اپنے آباؤ اجداد کے کردار پر نظر دوڑائیں، پاکستانی تاریخ میں سب سے پہلے کرپشن کے الزام میں جن افراد کو نکالا گیا، ان میں عمران کے والد بھی شامل تھے۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے آرمی چیف کی جانب سے شہر کراچی میں قیام امن کے حوالے سے دیئے گئے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک اسے جاری رکھا جائے، عسکری اداروں اور سندھ پولیس کی قربانیوں اور مربوط حکمت عملی کی بدولت شہر میں قیام امن ممکن ہوا ہے، انہوں نے پشاور کے انتخابی جلسے کے دوران عمران خان کی جانب سے قومی رہنماؤں کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ عمران خان عرف طالبان خان کی سیاست میں آمد بلاشبہ ملک و قوم کی بدقسمتی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ مردم شماری کے بعد ملک میں فوری حلقہ بندیوں کا عمل شروع کیا جائے اور فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے۔ کراچی میں پارٹی کی صوبائی کونسل کے اجلاس کے بعد مردان ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر شاہی سید کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے سربراہ کی جانب سے شہر میں قیام امن کو اولین ترجیح قرار دینا ہمارے لئے انتہائی حوصلہ افزا ہے، کراچی بدامنی کی انتہائی تلخ تاریخ رکھتا ہے، شہر میں بلاتفریق آپریشن ہمارا دیرینہ مطالبہ رہا ہے، آرمی چیف کے بیان سے ہر شہری میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے۔

شاہی سید نے کہا کہ اسفند یار ولی خان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے سے پہلے عمران خان اپنے آباؤ اجداد کے کردار پر نظر دوڑائیں، پاکستان کی تاریخ میں سب سے پہلے کرپشن کے الزام میں جن افراد کو نکالا گیا، ان میں عمران کے والد بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی طرف سے اپنے ہی بنائی ہوئی کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد میں تاخیر سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں، فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے مخالف وفاقی حکومت میں شامل ہمار ے انتہائی قابل احترام ایک مذہبی اور ایک پشتون قوم پرست اکابرین کا اپنی ہی حکومت سے مطالبات اور تنقید سمجھ سے بالاتر ہے۔ شاہی سید نے مطالبہ کیا کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری کے بعد حلقہ بندیاں ناگزیر ہو چکی ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ عام انتخابات سے شہر میں از سر نو حلقہ بندیاں کی جائیں۔


خبر کا کوڈ: 676824

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/676824/کراچی-آپریشن-کو-آخری-دہشتگرد-کے-خاتمے-تک-جاری-رکھا-جائے-سینیٹر-شاہی-سید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org