0
Sunday 15 Oct 2017 23:07

عمران خان چار افراد کا گھر نہیں چلا سکے تو ملک کو کیا چلائیں گے، مولا بخش چانڈیو

عمران خان چار افراد کا گھر نہیں چلا سکے تو ملک کو کیا چلائیں گے، مولا بخش چانڈیو
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان ذاتیات پر حملے کرنے کے بجائے جمہوریت کو مستحکم کرنے اور ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے باتیں کریں، تو اچھے سیاستدان بن سکتے ہیں، اگر آصف زرداری کا چہرہ آپ کو ڈاکو جیسا لگتا ہے، تو سمجھیں وہ چہرہ مردانہ ہے اور آپ ان سے خوفزدہ ہیں۔ حیدرآباد میں حر کیمپ کے علاقے میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان مسلسل ہماری قیادت پر حملے کر رہے ہیں اور ہمیشہ ذاتیات پر حملے کرتے ہیں، انکا بولنا ایسا لگتا ہے کہ جیسے خالی مٹکے کی آواز ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اب ویران خان بن چکے ہیں، وہ سیاسی طور پر بھی اب تنہا ہیں اور انکا گھر بھی تنہا ہے، وہ چار افراد کے گھر کو نہیں چلا سکے، تو ملک کو کیا چلائیں گے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ آصف زرداری کا چہرہ ڈاکو جیسا ہے، اگر یہ چہرہ ڈاکو جیسا ہے تو سمجھیں کہ مردانہ چہرہ ہے اور آپ ان سے خوفزدہ ہیں، خان صاحب آپکا چہرہ کیسا ہے، یہ ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قیادت کی طرف سے اجازت مل جائے، تو آپکو جواب ایسا ملے گا کہ آپ ہمیشہ کیلئے خاموش ہو جائیں گے، عمران خان ملک کو افراتفری کی طرف لے جانا چاہتے ہیں، وہ پیپلز پارٹی کے کارکنان کو مشتعل کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کو میرا مشورہ ہے کہ وہ جمہوریت کو مستحکم کرنے اور ملک کو بحران سے نکالنے کی باتیں کیا کریں، اس طرح وہ ایک اچھے سیاستدان بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سورج کی طرح طلوع ہو رہے ہیں اور عمران خان غروب ہو رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 676830
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش