QR CodeQR Code

کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں، نواب ثناء اللہ خان زہری

16 Oct 2017 14:59

کوئٹہ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ پیکج پر فوری عملدرآمد کے آغاز کو یقینی بنایا جائے۔ بالخصو ص سریاب روڈ اور سریاب کے مختلف علاقوں میں سٹرکوں کی تعمیر و مرمت، نکاسی آب اور دیگر منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی روک تھام اور عمومی جرائم کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے جاری مہم کو مزید موثر بنانے اور کوئٹہ کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکج بالخصوص سریاب روڈ کی توسیعی اور تعمیر ومرمت کے منصوبوں پرجلد عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلٰی نے کوئٹہ میں ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ، پروجیکٹ ڈائریکٹر کوئٹہ پیکج علی احمد مینگل اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کپٹین (ر) فرخ عتیق کو طلب کیا اور ان سے خصوصی اجلاس منعقد کرتے ہوئے متعلقہ امور پر بریفنگ لی۔ ڈی آئی جی کوئٹہ نے وزیراعلٰی کو کاسی روڈ اور فقیر محمد روڈ فائرنگ کے واقعات کی تفصیلات اور ان میں ملوث عنا صر کی گرفتاری کے لئے اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ فائرنگ کے واقعات میں بے گناہ جانوں کا ضیاع نا قابل برداشت ہے۔ ان واقعات میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل کا استعمال نا گزیر ہے۔ وزیراعلٰی نے توقع ظاہر کی کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے جلد دہشتگردوں تک پہنچ کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

وزیراعلٰی بلوچستان نے ڈپٹی کمشنر سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے جاری مہم کی تفصیلات حاصل کیں اور ہدایت کی کہ شہر کی خوبصورتی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حائل تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔ ان میں ملوث عناصر کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ کوئٹہ پیکج کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے وزیراعلٰی کو پیکج میں شامل ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیراعلٰی نے ہدایت کی کہ کوئٹہ پیکج پر فوری عملدرآمد کے آغاز کو یقینی بنایا جائے۔ بالخصو ص سریاب روڈ اور سریاب کے مختلف علاقوں میں سٹرکوں کی تعمیر و مرمت، نکاسی آب اور دیگر منصوبوں کو بر وقت مکمل کیا جائے۔ ترقیاتی منصوبوں کی معیار کو ہر صورت بر قرار رکھا جائے۔ اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ سریاب کو ترقیاتی عمل میں ہمیشہ نظر انداز کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے سریاب روڈ اور گرد نواح کے علاقے ذبوں حالی کا شکار ہیں۔ سریاب روڈ کو بھی ایئر پورٹ کی طرز پر خوبصورت بنایا جائے، تاکہ قومی شاہراہوں کے سنگم پر واقعہ اس اہم سڑک کے ذریعے شہر میں داخل ہونے والوں کو کوئٹہ کے حوالے سے خوشگوار تاثر ملے۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ وہ کوئٹہ پیکج پر عملدرآمد کی خود نگرانی کریں گے اور ہر 15 دن بعد پیشرفت جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 676953

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/676953/کوئٹہ-میں-ٹارگٹ-کلنگ-کی-روک-تھام-کیلئے-ٹھوس-اقدامات-کئے-جائیں-نواب-ثناء-اللہ-خان-زہری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org