0
Monday 16 Oct 2017 18:57

فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنیکی تحریک چلانیوالے امریکی مفادات کی مہم چلا رہے ہیں، قاری عثمان

فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنیکی تحریک چلانیوالے امریکی مفادات کی مہم چلا رہے ہیں، قاری عثمان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (ف) سندھ کے نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کی تحریک چلانے والے امریکی مفادات کی مہم چلا رہے ہیں، فاٹا کے عوام کی تائید و حمایت کے بغیر کسی بھی مسلط کردہ فیصلے کو قبول نہیں کیا جائے گا، کراچی ایک بار پھر ڈاکوؤں کی آماجگاہ بن رہا ہے، حکومتی رٹ نظر نہیں آتی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور، سوات اور اسلام آباد کے دس روزہ دورے سے واپسی پر مقامی اسپتال میں جامعہ بنوریہ العالمیہ سائٹ کے رئیس مفتی نعیم کی عیادت سمیت مختلف مواقع پر جماعتی کارکنوں اور احباب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قاری عثمان نے کہا کہ فاٹا کے انضمام کا مسئلہ وہ جماعتیں اٹھا رہی ہیں، جو ایک دوسرے کے قبلے کو بھی نہیں مانتی ہیں، آج وہ فاٹا کے انضمام کے نام پر سستی شہرت حاصل کرنے کی دوڑ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں فاٹا کے انضمام کے نام پر دیئے جانے والے دھرنے میں فاٹا سے تعلق رکھنے والے 50 افراد نہیں تھے، سب ان جماعتوں کے کارکن تھے، جو فاٹا کے نام پر سیاست کر رہی ہیں۔

قاری عثمان نے کہا کہ آج جو جماعتیں جس حکم کو قبائلی عوام پر مسلط کرنے کی تحریک چلا رہی ہیں، یہ اس قومی مؤقف کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور قبائلی عوام کے حقوق پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کی ایک طویل تاریخ ہے، فاٹا کے عوام نے ہمیشہ ملکی مفاد کو ہر چیز پر مقدم رکھا ہے، قبائلی عوام کی قربانیوں کی مثال نہیں ملتی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج سیاسی یتیم امریکی مفادات کے تحفظ اور اپنے حق الخدمت کی وصولی کیلئے فاٹا کے انضمام کے میٹھے مگر قبائلی عوام کے مستقبل کے حوالے سے زہریلے انجکشن لگا کر امریکی آشیر باد حاصل کر رہے ہیں۔ قاری عثمان نے کہا کہ کراچی مسائلستان بن کر رہ گیا ہے، کراچی میں ایک بار پھر بدامنی، لوٹ مار، قتل و غارت گری نے عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ سر عام ڈاکوؤں نے منظم طریقے سے اپنی تحریک کا آغاز کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 677028
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش