0
Tuesday 17 Oct 2017 02:47

احتساب عدالت کے باہر پولیس افسر کو تھپڑ مارنے پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عہدے سے فارغ

احتساب عدالت کے باہر پولیس افسر کو تھپڑ مارنے پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عہدے سے فارغ
اسلام ٹائمز۔ پنجاب حکومت نے احتساب عدالت کے باہر پولیس افسر کو تھپڑ مارنے پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خاور اکرام بھٹی کو عہدے سے فارغ کر دیا۔ واضح رہے کہ خاور اکرام بھٹی کو پنجاب حکومت نے شریف خاندان کی 13 اکتوبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر وکلاء اور پولیس کے درمیان دھکم پیل کے واقعے پر کارروائی کرتے ہوئے فارغ کیا ہے۔ محکمہ قانون و پارلیمانی امور پنجاب کی طرف سے فیصلے کا حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا۔ قبل ازیں جج نے پولیس افسر کو تھپڑ مارنے والے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خاور اکرام بھٹی کو پیش ہونے سے روک دیا۔ سرکاری وکیل کو پیش ہونے سے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عبادالرحمٰن لودھی نے روکا۔ جسٹس عبادالرحمٰن لودھی کا کہنا تھا کہ ریاستی افسروں کو تھپڑ مارنا سرکاری وکیل کو زیب نہیں دیتا، سرکاری وکلاء ریاست کے ملازم ہوتے ہیں کسی سیاسی جماعت کے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاور اکرام بھٹی میری عدالت میں پیش نہ ہوں اور کسی غیر سیاسی وکیل کو میری عدالت میں تعینات کیا جائے۔ یاد رہے کہ 13 اکتوبر کو مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے وکلاء کی ایک ٹیم نے عدالت میں جانے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے روکے جانے پر انہوں نے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔

اس موقع پر دھکم پیل کے دوران ایک مرد اور ایک خاتون وکیل کے ساتھ ساتھ 2 خواتین پولیس افسران اور ایک لیڈی کانسٹیبل زخمی ہوگئی۔ جیسے ہی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کمرہ عدالت میں داخل ہوئے، انہیں مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے وکلاء کے ایک گروپ نے گھیر لیا اور دعویٰ کیا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں عدالت میں داخلے سے روکا اور ان پر تشدد کیا۔ وکلاء نے دھمکی دی کہ جب تک مذکورہ پولیس اہلکاروں کے خلاف ایکشن نہیں لیا جاتا، وہ عدالتی کارروائی نہیں ہونے دیں گے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے برہمی کا اظہار کیا اور مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو عدالت سے جانے کی اجازت دیتے ہوئے بغیر کسی کارروائی کے سماعت 19 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی۔ بعد ازاں احتساب عدالت کے باہر ہنگامہ آرائی پر تھانہ رمنا میں وکلا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 677124
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش