QR CodeQR Code

سندھ حکومت کا آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ کے معاملے میں سپریم کورٹ جانیکا فیصلہ

17 Oct 2017 21:49

آصف زرداری نے اے ڈی خواجہ کو آئی جی پولیس برقرار رکھنے کے عدالتی فیصلے کو چیلنج نہ کرنیکی ہدایت کی ہے، سپریم کورٹ میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے صرف دو نکات کو چیلنج کیا جائے، جن میں آئی جی کو گریڈ 21 تک افسران کے تبادلے و تقرریوں کا اختیار دینا اور پولیس رولز میں ترامیم تیار کرنیکی ذمہ داری تفویض کرنا شامل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت سندھ آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ کو اعلیٰ پولیس افسران کے تبادلوں و تقرریوں کے اختیارات دینے اور پولیس رولز تیار کرنے کی ذمہ داری تفویض کرنے کے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرے گی۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کے ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے مذکورہ درخواستیں دائر کرنے کی منظوری دیدی ہے، تاہم انھوں نے اے ڈی خواجہ کو صوبہ سندھ میں آئی جی پولیس برقرار رکھنے کے عدالتی فیصلے کو چیلنج نہ کرنے کی ہدایت کی ہے، سپریم کورٹ میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے صرف دو نکات کو چیلنج کیا جائے، جن میں آئی جی پولیس کو گریڈ 21 تک افسران کے تبادلے و تقرریوں کا اختیار دینا اور پولیس رولز میں ترامیم تیار کرنے کی ذمہ داری تفویض کرنا شامل ہیں۔ اس ضمن میں پیپلز پارٹی کے سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ دونوں درخواستیں آئندہ ہفتے تک سپریم کورٹ میں دائر کر دی جائیں گی۔

درخواستوں میں یہ مؤقف اختیار کیا جائے گا کہ پولیس رولز تیار کرنے یا ان میں ترامیم تجویز کرنے کا اختیار صوبائی حکومت کا ہے، جبکہ کسی بھی طرح کی قانون سازی صوبائی اسمبلی کے ذریعے کی جاتی ہے، جس کی منظوری سندھ کابینہ سے حاصل کی جاتی ہے۔ مذکورہ درخواستوں میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا جائے گا کہ گریڈ 18 سے 21 تک پولیس افسران کے تبادلے و تقرریاں کرنا وزیراعلیٰ سندھ کا اختیار ہے، قانون کے تحت صرف وزیراعلیٰ سندھ ہی ایس ایس پیز، ڈی آئی جیز اور اے آئی جیز کے تبادلے و تقرریاں کر سکتے ہیں، اعلیٰ پولیس افسران کے تبادلوں و تقرریوں کے اختیارات آئی جی پولیس کو تفویض نہیں کئے جا سکتے۔ فاروق ایچ نائیک کی مشاورت سے ایڈووکیٹ جنرل سندھ بیرسٹر ضمیر گھمرو کی سربراہی میں حکومت سندھ کے قانونی ماہرین مذکورہ درخواستوں کی تیاری میں مصروف ہیں۔


خبر کا کوڈ: 677334

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/677334/سندھ-حکومت-کا-ا-ئی-جی-پولیس-اے-ڈی-خواجہ-کے-معاملے-میں-سپریم-کورٹ-جانیکا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org