0
Tuesday 17 Oct 2017 22:01

جامعہ کراچی کا بی کام ریگولر اور بی ایس سی کے امتحانات دو ماہ قبل دسمبر 2017ء میں ہی لینے کا فیصلہ

جامعہ کراچی کا بی کام ریگولر اور بی ایس سی کے امتحانات دو ماہ قبل دسمبر 2017ء میں ہی لینے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے شہر کے کالجوں میں جاری 2 سالہ ڈگری پروگرام کے رواں سیشن کی مدت اچانک مختصر کر دی اور سیشن کو 10 ماہ پر ہی ختم کرتے ہوئے ڈگری کلاسز (بی کام ریگولر اور بی ایس سی) کے امتحانات دو ماہ قبل دسمبر 2017ء میں ہی لینے کا فیصلہ کیا ہے، بی اے کے امتحانات جنوری میں ہوں گے، اس بات کا فیصلہ الحاق شدہ کالج پرنسپلز کے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان خود بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے مطابق بی کام ریگولر اور بی ایس سی کے سالانہ امتحانات رواں سیشن میں دسمبر کے پہلے ہفتے میں منعقدہ ہونگے، جبکہ بی اے کے امتحانات جنوری کے پہلے ہفتے میں لئے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سیشن میں بی کام ریگولر کے سالانہ امتحانات رواں برس ہی 24 فروری اور بی ایس سی کے 21 جنوری سے شروع ہوئے تھے، جبکہ بی اے ریگولر کے امتحانات 6 فروری سے شروع کئے گئے تھے۔

اس فیصلے سے کراچی کے کالجوں میں ڈگری کلاسز کا سیشن 10 ماہ کا ہو گیا ہے، تاہم سیشن مختصر کرتے ہوئے امتحانات جلد منعقد کرانے کا فیصلہ سیشن کی ابتداء کے بجائے سیشن کے آخر میں کیا گیا ہے، فیصلے کے مطابق ڈگری کلاسز کے امتحانات دوپہر کے اوقات میں ہی ہوں گے۔ علاوہ ازیں اجلاس میں ڈگری کلاسز میں کالج اساتذہ پر مشتمل ٹیموں کی ویجلنس ایک بار پھر بحال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، یہ فیصلہ کالج پرنسپلز کی سفارش پر کیا گیا، کالج اساتذہ کے ذریعے امتحانات کی ویجلنس کا سلسلہ سابق ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے دور میں بند کر دیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 677338
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش