0
Tuesday 17 Oct 2017 23:03

علامہ عباس کمیلی کی وفد کے ہمراہ علامہ احمد اقبال سے شارع فیصل تھانے میں ملاقات اور حمایت کا اعلان

علامہ عباس کمیلی کی وفد کے ہمراہ علامہ احمد اقبال سے شارع فیصل تھانے میں ملاقات اور حمایت کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سابق سینیٹر علامہ عباس کمیلی کی سربراہی میں جعفریہ الائنس پاکستان کے نمائندہ وفد نے شارع فیصل تھانے میں لاپتہ شیعہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاجاً گرفتاری دینے والے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی سے ملاقات کرکے اظہار یکجہتی کیا اور جیل بھرو تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے شارع فیصل تھانے میں علامہ احمد اقبال رضوی سے ملاقات کرتے ہوئے جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ سابق سینیٹر علامہ عباس کمیلی نے لاپتہ شیعہ افراد کی عدم بازیابی اور شیعہ مسلمانوں کے بنیادی آئینی و قانونی حقوق کی خلاف ورزی کے خلاف شروع کی گئی جیل بھرو تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ محب وطن بے گناہ شیعہ افراد کی جبری گمشدگی نے ان تمام لاپتہ شیعہ افراد کے خاندانوں کیلئے انتہائی شدید مشکلات کھڑی کر دی ہیں، لاپتہ شیعہ افراد کے خانوادے شدید مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں، جن کے گزر بسر و مالی آسودگی کی ذمہ داری ان لاپتہ شیعہ افراد کے کاندھوں پر تھی۔

علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ بے گناہ شیعہ افراد کو جبری گمشدہ و لاپتہ کرنا ان کے خاندانوں کے معاشی قتل کے مترادف ہے اور متاثرہ خانوادے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ اپنے بے گناہ اسیروں کی بازیابی تک خاموش نہیں بیٹھے گی، ہم ملت جعفرہ پُرامن لوگ ہیں، ہمارا موازنہ دہشتگردوں اور قاتلوں کے ساتھ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جیل بھرو تحریک پوری ملت جعفریہ کی تحریک ہے، جو لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی تک مسلسل جاری رہے گی، ہم اپنا آئینی اور قانونی حق مانگ رہے ہیں، اگر ہمارے افراد کا نام کسی کیس میں ہے، تو انہیں فی الفور عدالتوں میں پیش کیا جائے اور اگر ان پر الزام نہیں ہے تو انہیں رہا کیا جائے۔ علامہ احمد اقبال رضوی نے علامہ عباس کمیلی کے وفد کے ہمراہ ملاقات کیلئے آنے اور حمایت و اظہار یکجہتی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ جیل بھرو تحریک تمام لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی تک ہر صورت جاری و ساری رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 677361
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش