QR CodeQR Code

بلوچستان میں 25 ہزار سے زائد آسامیوں پر میرٹ کیمطابق بھرتیوں کا عمل جاری ہے، نواب ثناء اللہ زہری

18 Oct 2017 11:50

کوئٹہ میں زہری قبیلے کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ عوام کیساتھ قریبی رابطوں سے اچھی حکمرانی کے ثمرات کو عام عوام تک پہنچایا جاسکتا ہیں۔ وسائل کے درست استعمال سے اچھے ہسپتال، درس گاہیں، موٹرویز، ڈیمز اور واٹر سپلائی اسکیمیں بن سکتی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ چیف آف جھالاوان و وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ وہ ایک ترقی پسند قبائلی نواب ہیں، جو اپنے علاقے اور لوگوں کی ترقی چاہتے ہیں۔ بحیثیت وزیراعلٰی صوبے کے تمام علاقوں کی ترقی بھی اُن کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ ہم نے اچھی طرز حکمرانی کے ذریعے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 25 ہزار سے زائد آسامیاں پیدا کی گئیں ہیں، جن پر میرٹ اور اہلیت کے مطابق بھرتی کا عمل جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع خضدار کے علاقے زہری ترسانی کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ حکومت کے تمام وسائل کسی مخصوص خاندان یا طبقہ کیلئے نہیں، بلکہ عام عوام کیلئے ہیں۔ ماضی میں وسائل کے ضیاع اور غیر مناسب استعمال سے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم رہ گئے۔ تاہم موجودہ حکومت وسائل کو عوام کی امانت سمجھتے ہوئے انہیں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لا رہی ہے۔ ہم نے ترقیاتی عمل میں عوام کی شراکت داری کو یقینی بنایا ہے، تاکہ ان میں احساس ملکیت و ذمہ داری پیدا ہوسکے۔ عوام کے ساتھ قریبی رابطوں سے اچھی حکمرانی کے ثمرات عوام تک پہنچ سکتے ہیں۔ وسائل کے درست استعمال سے اچھے ہسپتال، درس گاہیں، موٹرویز، ڈیمز اور واٹر سپلائی اسکیمیں بن سکتی ہیں۔ آج صوبے کے طول و عرض میں عوام ترقیاتی عمل کا خود مشاہدہ کر رہے ہیں، جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔


خبر کا کوڈ: 677419

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/677419/بلوچستان-میں-25-ہزار-سے-زائد-آسامیوں-پر-میرٹ-کیمطابق-بھرتیوں-کا-عمل-جاری-ہے-نواب-ثناء-اللہ-زہری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org