0
Wednesday 18 Oct 2017 23:26
جمہوریت کے خلاف سازشیں ختم نہیں ہوئیں

میاں صاحبان جھوٹے پروپیگنڈا کے ماہر ہیں، بلاول بھٹو

(ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے پاس عوام کو دینے کیلئے کوئی پروگرام نہیں
میاں صاحبان جھوٹے پروپیگنڈا کے ماہر ہیں، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جمہوریت کے خلاف سازشیں ختم نہیں ہوئیں، جبکہ پیپلز پارٹی اپنے قیام سے لیکر آج تک آزمائشوں سے گزر رہی ہے۔ سانحہ کارساز کی 10 ویں برسی کی مناسبت سے سندھ کے ضلع حیدرآباد میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے خلاف سازشیں ختم نہیں ہوئیں، پیپلز پارٹی اپنے قیام سے لے کر آج تک آزمائشوں سے گزر رہی ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت کو جلاوطن کرکے عوام سے دور کیا گیا اور ہماری حکومتیں ختم کی گئیں، میڈیا ٹرائل کیا گیا، کبھی آئی جے آئی تو کبھی مخالفین میں پیسے بانٹے گئے، جبکہ بے نظیر بھٹو نے ہر جگہ آمر اور دہشتگردوں کو للکارا، لیکن شیطانی قوتوں کے حملے میں بے نظیر کو شہید کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے پاس عوام کو دینے کیلئے کوئی پروگرام نہیں اور نہ ہی دونوں کو عوام کی فکر ہے، جبکہ میاں صاحب اور خان صاحب سندھ میں آکر کہتے ہیں کہ یہ کھنڈر بن گیا، لیکن ان کو کہتا ہوں کہ سندھ کو شاہ لطیف کی دعا ہے، یہ کبھی کھنڈر نہیں بنے گا، مگر آپ کی سیاست کھنڈر ضرور بن جائے گی، یہاں کام بھی بہت ہوا، لیکن مزید کام کرنے کی ضرورت ہے اور یہ دعویٰ نہیں کرتا کہ سندھ میں سب ٹھیک ہوگیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کو وفاق سے کچھ نہیں ملتا، صرف اعلانات ہوتے ہیں اور میاں صاحبان جھوٹے پروپیگنڈا کے ماہر ہیں، وہ 4 بار سندھ آئے ہیں، اربوں روپے کا اعلان کر گئے، مگر دیا کچھ نہیں، جبکہ سندھ کو اپنے حصے کا پانی بھی نہیں ملتا، یہ کہاں کا انصاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی پراجیکٹس وقت سے پہلے مکمل ہو رہے ہیں، لیکن ہمیں بتائیں کہ سندھ میں وفاقی حکومت کے اکا دکا پراجیکٹ مکمل کیوں نہیں ہوتے اور ہم سے سپر ہائی وے چھین کر کہا گیا کہ موٹروے بنا رہے ہیں، مگر جتنا موٹروے بنا، وہ بھی آج ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور کراچی کی گرین لائن منصوبے کے نام پر صرف کھڈے نظر آتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میاں صاحبان کہتے ہیں کہ ترقی ہو رہی ہے، مگر میاں صاحب کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے غریب غریب تر ہو رہا ہے اور کارخانے بند ہو رہے ہیں، مہنگائی نے لوگوں کا جینا مشکل بنا دیا ہے، جبکہ ہماری جدوجہد اس نظام اور استحصال کے خلاف ہے، پیپلز پارٹی جمہوری اور منصفانہ معاشرہ قائم کرنا چاہتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 677613
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش