0
Friday 20 Oct 2017 17:38

پشاور، این اے 4 کے ضمنی انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ کا تجربہ

پشاور، این اے 4 کے ضمنی انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ کا تجربہ
اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمشن آف پاکستان نے پشاور سے قومی اسمبلی کیلئے حلقہ این اے 4 کے ضمنی انتخابات میں تجرباتی طور پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکٹرانک ووٹوں کے طریقہ کار سے الیکشن کے نتائج پر کسی قسم کا اثر نہیں پڑے گا۔ الیکشن کمشن کے ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی محمد خضر عزیز نے پشاور پریس کلب میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس حلقے میں کل 269 پولنگ اسٹیشن ہیں، جن میں سے صرف 35 پولنگ اسٹیشنوں میں الیکٹرانک مشینیں رکھی جائیں گی۔ ووٹنگ مشین 3 حصوں پر مشتمل ہے، پہلے حصہ ایک چھوٹی سکرین نما آلہ ہے جس پر ووٹر کا نام اور اس کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کا نمبر لکھا جائے گا۔ دوسرا حصہ ایک ٹچ سکرین بورڈ ہے، جس پر امیدواروں کے نام اور انتخابی نشانات درج ہوں گے جسے ووٹر اپنے انگوٹھے کا نشان لگا کر دبائے گا۔ تیسرا اور آخری حصہ ایک ڈبے اور اس پر لگے ایک چھوٹی پرنٹر مشین پر مشتمل ہے، جو کہ خود کار طریقے سے منتخب شدہ امیدوار کے نام کا ووٹ پرنٹ کرکے ڈبے میں ڈال دے گا۔ اس موقع پر الیکڑانک مشین کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا طریقے عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔

الیکشن کمشن کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ اس کی کارکردگی اور نتائج کے متعلق رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کے ساتھ میڈیا کو بھی فراہم کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں الیکشن کمشن کے ترجمان سہیل خان نے کہا کہ تجرباتی بنیادوں پر ہونے والے اس طریقہ کار کیلئے الیکشن کمشن کے خصوصي اہلکار تعینات ہوں گے جو کہ الیکٹرانک ووٹنگ کے بارے ووٹرز کی راہنمائی کریں گے۔ اس تجرباتی عمل سے روایتی الیکشن کا معمول متاثر نہیں ہوگا۔ خضر عزیز نے بتایا کہ مشین کے استعمال کا پورا طریقہ کار الیکشن کمشن کی ویب سائٹ اور کلک ای سی نامی ایک موبائل ایپ پر بھی موجود ہے، جسے باآسانی کوئی بھی ووٹر اپنے موبائل فون پر ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ایپ پر حلقے میں درج شدہ ووٹروں کی فہرستیں اور غیر حتمی نتائج بھی مہیا کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 677969
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش