0
Monday 25 Apr 2011 18:40

قندھار میں سب جیل پر طالبان کا حملہ،سینکڑوں قیدی فرار

قندھار میں سب جیل پر طالبان کا حملہ،سینکڑوں قیدی فرار
قندھار:اسلام ٹائمز۔ افغان صوبہ قندہار میں طالبان نے سب جیل پر حملہ کر کے اپنے کمانڈروں سمیت سینکڑوں قیدیوں کو فرار کرا دیا۔ افغان حکام کے مطابق متعدد طالبان جنگجوؤں نے رات کے وقت جیل پر حملہ کیا۔ اس دوران پولیس اور طالبان کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔
جیل سے طالبان کمانڈروں سمیت سینکڑوں قیدی فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق طالبان جیل کے جیلر کو بھی اغوا کر کے لے گئے۔ واقعے کے بعد نیٹو اور افغان فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے قیدیوں کی تلاش شروع کر دی۔ بعض مبصرین کا خیال ہے کہ اس تمام تر کاروائی، خصوصا اطلاعات فراہم کرنے میں طالبان کو جیل انچارج کا مکمل تعاون حاصل تھا۔ طالبان ترجمان قاری محمد یوسف کے مطابق جیل سے فرار ہونے والے طالبان کمانڈرز محفوظ مقام پر منتقل ہو گئے۔
جنگ نیوز کے مطابق افغان حکام کا کہنا ہے کہ قندھار جیل پر شدت پسندوں نے حملہ کر کے سینکڑوں قیدیوں کو فرار کرا دیا، فرار ہونے والے قیدیوں میں بڑی تعداد طالبان جنگجوؤں کی ہے۔ افغان حکام کے مطابق آج علی الصبح طالبان جنگجوؤں کے ایک گروپ نے قندھار شہر میں واقع مرکزی جیل پر حملہ کر دیا۔ اس دوران شدت پسندوں اور جیل پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی، جس میں کئی سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ جھڑپوں کے دوران طالبان جنگجوؤں نے جیل کے اندر گھس کر دھماکے کئے جس سے جیل کے مرکزی دروازے ٹوٹ گئے۔ عسکریت پسندوں کی اس کارروائی میں جیل کے تمام قیدی فرار ہوگئے۔ حکام کے مطابق فرار ہونے والے قیدیوں کی تعداد 500 سے زائد ہے، جن میں جنگجو اور اہم طالبان رہنما قیدی بھی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد قندھار جیل کے اطراف میں واقع علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ جبکہ علاقے کا کنٹرول نیٹو فورسز اور افغان نیشنل آرمی نے سنبھال لیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 67807
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش