0
Saturday 21 Oct 2017 16:48

کراچی والوں کیلئے خوشخبری ہے کہ وفاق سے ترقیاتی فنڈ رواں ماہ جاری ہو جائیں گے، فاروق ستار

کراچی والوں کیلئے خوشخبری ہے کہ وفاق سے ترقیاتی فنڈ رواں ماہ جاری ہو جائیں گے، فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی والوں کیلئے خوشخبری ہے کہ وفاق سے ترقیاتی فنڈ رواں ماہ جاری ہو جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ گزشتہ دنوں ہماری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات ہوئی، جس میں کراچی پیکیج سمیت سندھ کے دیگر شہروں کیلئے ترقیاتی پیکیجز کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی، یہ ملاقات وزیراعظم اور ان کے رفقاء کی خواہش پر ہوئی، ہم وزیراعظم کی جانب سے کراچی، حیدرآباد، نواب شاہ سمیت سندھ کے دیگر شہروں کے عوام کیلئے واضح نوید لائے ہیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اکتوبر کے آخر تک کراچی پیکیج پر کام شروع کر دیا جائے گا، کراچی پیکیج کے حوالے سے گزشتہ ماہ سے میئر کراچی وسیم اختر اور گورنر سندھ محمد زبیر عمر کے مابین تفصیلی گفت و شنید چل رہی تھی، اس حوالے سے بھی وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ کراچی کیلئے فنڈز فوری جاری کئے جائیں، تاکہ کراچی پیکیج پر رواں ماہ کے آخرتک کام شروع ہو سکے، مزید براں میئر کراچی وسیم اختر اور گورنر سندھ کے مابین جن منصوبوں پر بات چیت ہوئی ہے، ان کو حتمی شکل دے کر اکتوبر کے آخر تک فنڈز جاری کئے جائیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے عوام کے کیلئے یہ انتہائی خوشگوار خبر ہے کہ اکتوبر کے آخر تک کراچی کی تعمیر نو کے پیکیج میں شامل منصوبوں کے فنڈز کا اجراء ہو رہا ہے اور ان منصوبوں پر کام بھی شروع ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اگلے ماہ نومبر میں حیدرآباد پیکیج کے فنڈ کے اجراء کا بھی آغاز اور ان کے منصوبوں پر بھی عمل شروع ہو رہا ہے۔ فاروق ستار نے مزید کہا کہ حیدرآباد میں اعلیٰ تعلیمی درس گاہ کے قیام کا دیرینہ مطالبہ بھی جلد پورا ہونے جا رہا ہے، وزیراعظم نومبر میں حیدرآباد میں وفاقی جامعہ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے شہری علاقے وفاق کو سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں، صرف کراچی ہی 80 تا 85 فیصد ٹیکس وفاق کو دیتا ہے، لیکن اس کے عوض ہمیں بمشکل 4 سے 8 فیصد ترقیاتی فنڈ ملتے ہیں۔ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ کراچی میں مہاجر، سندھ، پنجابی، بلوچی، سرائیکی اور کئی دیگر زبانیں بولنے والے افراد رہتے ہیں، ایک منصوبہ جو میئر کراچی اور رابطہ کمیٹی نے دیا تھا، اسے بھی کراچی پیکج میں شامل کرلیا گیا ہے اور اس کیلئے اضافی فنڈ بھی فراہم کئے جائیں گے۔

سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ کراچی کو 65 ایم جی ڈی اضافی پانی کی فراہمی کے منصوبے پر بھی جلد کام کا آغاز ہوگا، حیدرآباد پیکیج کی تفصیل نومبر میں حیدرآباد کے میئر طیب اور کراچی پیکیج سے میئر کراچی وسیم اختر آگاہ کریں گے۔ فاروق ستار نے کہا کہ وزیراعظم جب کراچی و حیدرآباد کا دورہ کریں گے، نواب شاہ، دادو، سانکھڑ، سکھر، سمیت سندھ کے دیگر شہروں کیلئے بھی ہم نے پیکیج مانگے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ بلاامتیاز رنگ و نسل پورے سندھ کی ترقی ہو۔ وزیراعظم سے ملاقات کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں غیرملکی تارکین وطن اور مشرقی پاکستان سے آنے والے پاکستانیوں کے مسائل کو علیحدہ علیحدہ کرکے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشرقی پاکستان سے آئے ہوئے لاکھوں نفوس کے شناختی کارڈ فوری جاری کئے جائیں اور پاکستان سٹیزن ایکٹ 1951ء کے سیکشن 16 میں ترمیم کی جائے، سیاسی جبر کی بنیاد پر کارکنان کی وفاداری تبدیل کرانے کے عمل سے بھی وزیراعظم کا آگاہ کیا گیا اور اس کے سدباب کا مطالبہ بھی کیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم میں کوئی ترجمان نہیں۔
خبر کا کوڈ : 678210
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش