QR CodeQR Code

میاں صاحب کی ترقی کے دعوے بھی کھوکھلے ہیں

پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) نے سیاست اور اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا، بلاول بھٹو زرداری

خان صاحب ہر قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے صرف اقتدار پر قابص ہونا چاہتے ہیں

22 Oct 2017 18:15

پشاور کے علاقے زنگلی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ عمران خان پوری دنیا میں کرپشن کیخلاف اعلان کی باتیں کرتے ہیں لیکن انکے اپنے صوبے میں میگا کرپشن کیخلاف کیوں تحقیقات نہیں کی جا رہیں؟ خیبر بینک اور مائننگ کے میگا اسکینڈل سامنے آئے، کہاں گیا پی ٹی آئی کا احتساب کمیشن؟ عمران خان جن لوگوں کو کرپٹ کہتے تھے آج وہی لوگ عمران خان کے ارد گرد کھڑے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے سیاست اور اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے۔ پشاور کے علاقے زنگلی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہی این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے صوبوں کو ان کا حق دلوایا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہی 18 ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو ان کے جائز حقوق دلوائے اور عوام کی خواہش کے مطابق صوبے کا نام خیبر پختونخوا رکھا۔ بلاول بھٹو نے چیئرمین تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان خیبر پختونخوا کے عوام اور وسائل کو پنجاب کی سیاست کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے پیسوں سے ہی عمران خان کا کچن اور جہانگیر ترین کا جہاز چلتا ہے اور سب الزامات میں نے نہیں بلکہ ان کے اپنے ہی ساتھیوں نے لگائے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان کے تبدیلی کے دعوے جھوٹے ہیں اور خان صاحب ہر قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے صرف اقتدار پر قابص ہونا چاہتے ہیں۔ خان صاحب نے امپائر کی انگلی کی طرف دیکھتے دیکھتے اپنی آنکھوں کی بینائی کم کر دی ہے، وہ چاہتے ہیں کہ امپائر کی انگلی اٹھے اور وہ ناچنا شروع کر دیں۔

عمران خان پوری دنیا میں کرپشن کے خلاف اعلان کی باتیں کرتے ہیں لیکن ان کے اپنے صوبے میں میگا کرپشن کے خلاف کیوں تحقیقات نہیں کی جا رہیں؟ خیبر بینک اور مائننگ کے میگا اسکینڈل سامنے آئے، کہاں گیا پی ٹی آئی کا احتساب کمیشن؟ عمران خان جن لوگوں کو کرپٹ کہتے تھے آج وہی لوگ عمران خان کے ارد گرد کھڑے ہیں، خان صاحب کے اپنے ہی ساتھی کہہ رہے ہیں کہ تبدیلی کے نعرے لگاتے لگاتے پی ٹی آئی خود تبدیل ہوگئی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں بہتری کے عمران خان کے دعوے بھی جھوٹے ہیں۔ نجی اسکولوں سے بچے اٹھا کر سرکاری اسکولوں میں لانے کا ثبوت دیا جائے اور کوئی ایک مثال دی جائے کہ سرکاری اسکولوں کے بچوں نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہو۔ انہوں نے کہا سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری کی باتیں کی جا رہیں جس کے خلاف اساتذہ اور عوام سراپا احتجاج ہیں۔ اس کے علاوہ کے پی کے میں سرکاری ہسپتالوں کی حالت بھی ابتر ہے، جہاں مریضوں کو کسی قسم کی طبی سہولیات میسر نہیں ہیں جب کہ ینگ ڈاکٹرز بھی اپنے حقوق کیلئے احتجاج کررہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب کی ترقی کے دعوے بھی کھوکھلے ہیں۔ میاں صاحب کہتے ہیں کہ ملک ترقی کررہا ہے لیکن جہاں ترقی ہو تو وہاں روزگار کے مواقع ملتے ہیں اور عوام کی معاشی حالت بہتر ہوتی ہے، یہاں تو ملک کا کوئی ایک طبقہ بھی حکومت کی پالیسیوں سے خوش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا برا حال ہے لیکن شریف خاندان خوشحال ہو رہا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ دونوں نام نہاد بڑی پارٹیاں آمروں کی گود میں پلی بڑھی ہیں اور ان کے رہنما پاکستان کو ترقی پسند نہیں بنانا چاہتے، یہ لوگ نہیں چاہتے کہ دولت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو اور ملک ترقی کرے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) نے سیاست اور اخلاقیات کا جنازہ نکال کر رکھ دیا ہے، دونوں جماعتیں ذاتی اقتدار کی سیاست کرتی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی حقیقت میں عوام کی سیاست کرتی ہے اور ہم اقتدار میں آ کر حق داروں کو ان کا جائز حق دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 678439

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/678439/پاکستان-تحریک-انصاف-اور-مسلم-لیگ-ن-نے-سیاست-اخلاقیات-کا-جنازہ-نکال-دیا-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org