0
Monday 23 Oct 2017 19:23

6 ارب روپے کرپشن کیس، سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن گرفتار

6 ارب روپے کرپشن کیس، سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن گرفتار
اسلام ٹائمز۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے کرپشن کیس میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء و سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں صوبائی محکمہ اطلاعات میں 6 ارب روپے کرپشن کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن سمیت دیگر کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی اور نیب کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ گرفتاری سے بچنے کیلئے شرجیل انعام میمن عدالت کے اندر ہی بیٹھے رہے، جبکہ نیب کی ٹیم اور رینجرز اہلکار عدالت کے باہر ان کا انتظار کرتی رہی۔ بعد ازاں پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے سندھ ہائیکورٹ میں اپنے وکیل شہاب سرکی کے توسط سے نیب کو گرفتاری سے روکنے کی درخواست عدالت میں جمع کرائی، درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ سپریم کورٹ میں اپیل کرنے تک نیب کو گرفتاری سے روکا جائے، تاہم چیف جسٹس نے درخواست کی سماعت سے معذرت کرلی۔ عدالت عالیہ کا وقت ختم ہونے کے بعد فاضل جج صاحبان اور دیگر عملہ اپنے گھروں کو روانہ ہوگیا، تاہم شرجیل میمن اور ان کے وکلاء عدالت میں ہی موجود رہے۔

اسی دوران ان کے وکلاء نے شرجیل میمن کو نیب کی تحویل میں دینے کے بجائے جیل بھجوانے کی درخواست دائر کی، تاہم اس درخواست کی سماعت نہ ہو سکی۔ 5 گھنٹے سے زائد وقت بیٹھے رہنے کے بعد عدالت بند ہونے کی وجہ سے شرجیل انعام کو بالآخر باہر آنا پڑا اور ان کے باہر نکلتے ہی رینجرز اور نیب ٹیم نے انہیں گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران کافی دھکم پیل بھی ہوئی، جس کے نتیجے میں سابق صوبائی وزیر کا گریباں چاک ہوگیا۔ واضح رہے کہ شرجیل میمن اور دیگر ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے سرکاری اشتہارات کی مد میں 5 ارب 65 کروڑ روپے کی کرپشن کی، دیگر ملزمان میں سابق سیکرٹری اطلاعات ذوالفقار شلوانی، سارنگ لطیف، یوسف کبورو، ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کے انعام اکبر، منصور راجپوت، سلمان منصور، الطاف حسین میمن، عمر شہزاد خان، سید نوید، گلزار علی اور مسعود ہاشمی شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 678679
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش