QR CodeQR Code

پاراچنار، پولیٹیکل انتظامیہ کیجانب سے جعلی عامل تعویذات، نانبائیوں اور جعلی دندان سازوں کیخلاف کاروائی

24 Oct 2017 21:05

انتظامیہ کیجانب سے پاراچنار شہر میں منشیات فروشوں، عطائی ڈاکٹروں، جعلی دندان سازوں، غیر معیاری ادویات کی فروخت اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کا سلسلہ جاری ہے، انتظامیہ کی اس اقدامات کو عوام نے بے حد سراہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاراچنار میں پولیٹیکل انتظامیہ نے جعلی عامل تعویذات، نانبائیوں اور جعلی دندان سازوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے درجنوں جعلی عاملین، نانبائی اورجعلی دندان ساز گرفتار کرلئے گئے۔ پولیٹیکل تحصیلدار زاہد یونس کے مطابق پاراچنار شہر میں جعلی عاملین نے سادہ لوح عوام کو بے وقوف بناکر ان سے منہ مانگی رقم وصول کرکے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا تھا، جس کے خلاف سٹی محرر اشتیاق حسین بمعہ سٹی گارڈ نے کاروائی کرکے درجنوں جعلی عاملین کو گرفتار کرکے جیل بھجوا دیا گیا۔ اس دوران سٹی محرر اشتیاق حسین نے نانبائیوں کی دکانوں پر بھی چھاپے مارے اور دسیوں کم وزن روٹی فروخت کرنے والے نانبائیوں کو بھی گرفتار کرکے جیل بھجوا دیا۔ عوامی شکایات پر انتظامیہ نے جعلی دندان سازوں کے خلاف بھی کاروائی کی اور شہر کے مختلف بازاروں میں قائم ان کے کلینکس پر چھاپے مارکر ان کے لائسنس اور ڈپلومے چیک کئے۔ کاروائی کے دوران دو جعلی دندان ساز گرفتار کرلئے گئے جبکہ چھاپوں کی خبر سن کر درجنوں جعلی دندان ساز کلینکس بند کرکے فرار ہوگئے۔ انتظامیہ نے ان کے دکانوں کو بھی سیل کردی۔ واضح رہے کہ پولیٹیکل انتظامیہ کی جانب سے پاراچنار شہر میں منشیات فروشوں، عطائی ڈاکٹروں، جعلی دندان سازوں، غیر معیاری ادویات کی فروخت اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کا سلسلہ جاری ہے، انتظامیہ کی اس اقدامات کو عوام نے بے حد سراہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 678953

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/678953/پاراچنار-پولیٹیکل-انتظامیہ-کیجانب-سے-جعلی-عامل-تعویذات-نانبائیوں-اور-دندان-سازوں-کیخلاف-کاروائی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org