QR CodeQR Code

بلوچستان، چاغی میں مسافر بس اور ٹرالر میں تصادم سے 16 افراد جاں بحق، 32 زخمی

25 Oct 2017 16:37

جاں بحق ہونیوالوں میں ٹرالر کا ایرانی ڈرائیور یعقوب ولد بشیر اللہ ریکی سکنہ زاہدان بھی شامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر چاغی شہیک بلوچ نے حادثے میں گیارہ افراد کے جاں بحق اور 37 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ 32 زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کیا گیا ہے۔ 32 زخمیوں میں سے 5 زخمی کوئٹہ لے جاتے ہوئے راستے میں نوشکی کے مقام پر دم توڑ گئے۔ اس طرح جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہوگئی۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع چاغی میں مسافر بس اور ٹرالر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایرانی ڈرائیور سمیت 16 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونیوالوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں بیشتر کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا، جو ایران جانا چاہتے تھے۔ دالبندین کے پرنس فہد ہسپتال میں سہولیات نہ ہونے کے باعث زخمیوں کو زمین پر لٹا کر طبی امداد دی گئی۔ لیویز کے مطابق حادثہ کوئٹہ تفتان شاہراہ پر چاغی کے ضلعی ہیڈ کوارٹر دالبندین سے تقریباً 10 کلو میٹر دور لاغاپ کے مقام پر پیش آیا۔ ایران سے سیب لیکر کوئٹہ جانیوالا ٹرالر ٹریکٹر کو بچاتے ہوئے سامنے سے آنیوالی مسافر بس سے جا ٹکرایا۔ حادثے کے نتیجے میں چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 42 افراد زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو پرنس فہد ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں مزید پانچ زخمی دم توڑ گئے۔ ہسپتال میں سہولیات نہ ہونے کے باعث زخمیوں کو زمین پر لٹا کر طبی امداد دی گئی۔ سہولیات اور عملے کی کمی کے باعث زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لیویز کے مطابق حادثے کا شکار ہونیوالی ولی کمپنی کی مسافر بس کوئٹہ سے تفتان جارہی تھی، جو حادثے میں بری طرح تباہ ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں ٹرالر کا ایرانی ڈرائیور یعقوب ولد بشیر اللہ ریکی سکنہ زاہدان بھی شامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر چاغی شہیک بلوچ نے حادثے میں گیارہ افراد کے جاں بحق اور 37 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ 32 زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کیا گیا ہے۔ 32 زخمیوں میں سے 5 زخمی کوئٹہ لے جاتے ہوئے راستے میں نوشکی کے مقام پر دم توڑ گئے۔ اس طرح جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہوگئی۔


خبر کا کوڈ: 679141

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/679141/بلوچستان-چاغی-میں-مسافر-بس-اور-ٹرالر-تصادم-سے-16-افراد-جاں-بحق-32-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org