0
Thursday 26 Oct 2017 20:54

عرس بہائوالدین زکریا کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز، پہلے روز مزار کو غسل دیا گیا

عرس بہائوالدین زکریا کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز، پہلے روز مزار کو غسل دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ برصغیر پاک و ہندکے عظیم روحانی پیشوا شیخ الاسلام حضرت غوث بہا الدین زکریا ملتانی کے 778 ویں سالانہ عرس مبارک کی سہ روزہ تقریبات آج سے دربار عالیہ واقع قاسم باغ ملتان میں شروع ہو گئیں، یہ تقریبات 28 اکتوبر بروز ہفتہ تک جاری رہیں گی، تقریبات کا آغاز 9:30 بجے صبح درگاہ کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی، دربار حضرت موسی پاک شہید کے سجادہ نشین مخدوم سید وجاہت حسین گیلانی اور دیگر مشائخ نے تقریب غسل سے کیا۔ اس کے بعد سالانہ قومی زکریا کانفرنس درگاہ کے احاطے میں منعقد ہوئی، مفتی زبیر احمد چشتی، مفتی غلام مصطفی رضوی، مفتی ہدایت اللہ پسروری، صاحبزادہ جاوید سعید کاظمی، علامہ محمد رمضان شاہ فیضی اور علامہ محمد فاروق خان سعیدی نے خطاب کیا، رات کو محفل حسن قرات و نعت ہوئی، عرس کے دوسرے روز 10 بجے دن قومی زکریا کانفرنس میں پیر خالد سلطان قادری اور دیگر مقررین خطاب کریں گے، رات کو محفل سماع ہوگی، 28 اکتوبر کو اختتامی تقریبات میں جماعت اہلسنت کے سربراہ علامہ مظہر سعید کاظمی، خواجہ معین الدین کوریجہ، خواجہ غلام قطب الدین فریدی اور مفتی محمد رمضان سیالوی خطاب کریں گے، سالانہ عرس کی تقریب میں شرکت کے لئے ملک بھر سمیت سندھ بھر سے زائرین کی ملتان آمد کا سلسلہ جاری ہے، گذشتہ روز دن بھر زائرین کے قافلے ملتان پہنچتے رہے اب تک ہزاروں کی تعداد میں زائرین ملتان پہنچ چکے ہیں، محکمہ اوقاف ملتان زون نے عرس کی تقریبات میں شرکت کرنے کے لئے آنے والے زائرین کے لئے وسیع انتظامات کئے ہیں، دوسری جانب سالانہ عرس کے سلسلے میں محکمہ صحت، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، محکمہ اوقاف، محکمہ ریلوے، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ، پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر محکموں نے زائرین کو سہولیات پہنچانے کے لیے دربار کے احاطے میں کیمپ لگا لئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 679417
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش