0
Thursday 26 Oct 2017 21:31

جامعہ کراچی اپنا داخلہ ٹیسٹ این ٹی ایس سے کرانے پر شش و پنج کا شکار

جامعہ کراچی اپنا داخلہ ٹیسٹ این ٹی ایس سے کرانے پر شش و پنج کا شکار
اسلام ٹائمز۔ این ٹی ایس کے تحت منعقدہ ایم بی بی ایس کے داخلہ ٹیسٹ کا امتحانی پرچہ آؤٹ ہونے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد جامعہ کراچی کی انتظامیہ اپنا داخلہ ٹیسٹ این ٹی ایس سے کرانے کے حوالے سے شش و پنج میں مبتلا ہوگئی ہے، این ٹی ایس کا ٹیسٹ پیپر آؤٹ ہونے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے سبب داخلہ ٹیسٹ این ٹی ایس کے بجائے جامعہ کراچی میں شعبہ جاتی سطح پر کرائے جانے پر بھی غور شروع کر دیا گیا ہے۔ تاہم این ٹی ایس سے داخلہ ٹیسٹ کرانے یا نہ کرانے کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ آئندہ چند روز میں ہونے والے اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں ہی کیا جائے گا۔ جامعہ کراچی کی 31 رکنی داخلہ کمیٹی میں شامل رئیس کلیہ قانون جسٹس (ر) غوث محمد پہلے ہی وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل اور قائم مقام رجسٹرار ڈاکٹر منور رشید کو این ٹی ایس کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا عکس فراہم کر چکے ہیں، جس میں این ٹی ایس کے بجائے سرکاری سطح پر ٹیسٹنگ سروس کی تشکیل کے حوالے سے ایچ ای سی کو ہدایت کی گئی تھیں، تاہم اب موجودہ صورتحال کے باعث رئیس کلیہ قانون کی جانب سے دیئے گئے لاہور ہائیکورٹ کے اس فیصلے کو مزید تقویت مل گئی ہے۔

ادھر جامعہ کراچی کے رجسٹرار کے قریبی ذرائع کے مطابق رئیس کلیہ فنون و سماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر احمد قادری کی کنوینئرشپ میں کام کرنے والی جامعہ کراچی کی داخلہ کمیٹی نے اس بار داخلہ پالیسی میں اہم تبدیلیاں کی ہیں اور پہلی بار شعبہ ویژول اسٹڈیز کے داخلوں کو بھی مرکزی داخلہ پالیسی میں شامل کر دیا گیا ہے۔ اب اس شعبہ کیلئے علیحدہ ٹیسٹ نہیں ہوگا، بلکہ دیگر شعبہ جات کے ساتھ اس کا ٹیسٹ بھی لیا جائے گا، شعبہ میں داخلوں کیلئے انٹرویوز بھی ختم کر دیئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں رجسٹرار جامعہ کراچی کے قریبی ذرائع کے مطابق کھیلوں کے مختص کوٹے کے سلسلے میں بھی پالیسی تبدیل کرتے ہوئے ان داخلوں کیلئے چار رئیس کلیات پر مشتمل کمیٹی بنا دی گئی ہے، اندورن سندھ، بلوچستان، فاٹا اور گلگت بلتستان کے کوٹے میں کمی یا بیشی کی منظوری اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں لی جائے گی۔ یاد رہے کہ اس بار داخلہ پالیسی آن لائن ہوگی، جبکہ داخلہ کتابچہ (پراسپیکٹس) بھی شائع نہیں ہوگا، بلکہ آن لائن دستیاب ہوگا، آن لائن فارم کی قیمت اور داخلہ پراسس کے چارجز کا تعین شعبہ فنانس کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 679430
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش