0
Thursday 26 Oct 2017 21:41

کربلا ہم سے عصر حاضر کی یزیدیت کیخلاف ڈٹ جانے کا تقاضہ کرتی ہے، علامہ مقصود ڈومکی

کربلا ہم سے عصر حاضر کی یزیدیت کیخلاف ڈٹ جانے کا تقاضہ کرتی ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ سیکرٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ کربلا ایک دن کی جنگ کا نام نہیں، بلکہ یہ انبیاء کی تحریک کا تسلسل ہے، کربلا حق و باطل کے معرکہ کا نام ہے، کربلا دین کی سربلندی کیلئے اپنا سب کچھ نچھاور کرنے کا درس دیتی ہے، فلسفہ کربلا سمجھنے کی ضرورت ہے، کربلا ہم سے عصر حاضر کی یزیدیت کے خلاف ڈٹ جانے کا تقاضہ کرتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید عارف حسین الحیسی ہاؤس کراچی میں کربلا شناسی کے موضوع پر جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ امامؑ عالی مقام نے یزید کی بیعت سے یہ کہہ کر انکار کیا تھا کہ مجھ جیسا اس جیسے کی بیعت نہیں کر سکتا، امام حسینؑ کا یہ جملہ کربلا کے فلسفے کو سمجھنے کیلئے کافی ہے اور ہر دور کیلئے اپنے اندر کربلا کا مکمل مفہوم سمیٹے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یزیدی فکر ہر دور میں سر اٹھاتی رہی اور حسینی یزیدیت کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتے رہے ہیں۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ علمائے کرام کا یہ شرعی فریضہ ہے کہ وہ مومنین کو حالات حاضرہ سے آگاہ رکھیں، مجالس عزا میں غم حسینؑ بیان کرنے کے ساتھ ساتھ استعماری طاقتوں کی اسلام دشمنی کو بھی آشکار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غدیر و کربلا محض واقعات نہیں ہیں، بلکہ اپنے اندر وسیع مفہوم اور فلسفہ سمیٹے ہوئے ہیں، مقصد کربلا کو سمجھ کر عزاداری کرنا خاندان رسالت کی معرفت عطا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی کا سفر معرفت کے زینوں سے گزر کر طے ہوتا ہے، جو اہلبیت اطہار علیہم السلام کی پیروی کے بغیر ممکن نہیں۔ صوبائی سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ مجالس و جلوس خود سازی کا بہترین ذریعہ ہے، محرم و صفر کے مہینے میں سب کو تجدید عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی زندگیوں کو آئمہ اطہار علیہم السلام کے مطابق بسر کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 679435
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش