QR CodeQR Code

حق بات کرنے والوں کو سائڈ لائن کر دیا جاتا ہے،60 برس میں فرار کے راستے اختیار کئے، تبدیلی کیلئے پرانے بتوں کو توڑنا ہو گا، شاہ محمود قریشی

26 Apr 2011 14:09

اسلام ٹائمز:پاکستان کے سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملک اور سیاسی جماعتوں میں جمہوریت کی اشد ضرورت ہے اور ایسی لیڈر شپ چاہئے جو قوم کو منتشر کرنے کے بجائے یکجا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو، انہوں نے کہا کہ ہم 60 سال سے سر جھکا کر جی رہے ہیں، اب سر اٹھا کر جینے کا وقت آ گیا ہے


حیدرآباد:اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک اور وفاق کی بقاء صرف جمہوریت میں ہے، جمہوریت کے برعکس کسی بھی اقدام سے ملک کو نقصان ہو گا۔ ہمارے یہاں برداشت کا فقدان ہے، حق بات کہنے والوں کو سائیڈ لائن کر دیا جاتا ہے۔
حیدر آباد میں”مستحکم جمہوریت،امن کی ضامن“ کے موضوع پر تقریب سے خطاب میں مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معتبر اداروں نے نظریہ ضرورت کے تحت مارشل لاﺅں کو قانونی شکل دی، جن اداروں نے انتخابات کرانے ہوتے ہیں وہ ہی اب تک اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک اور سیاسی جماعتوں میں جمہوریت کی اشد ضرورت ہے اور ایسی لیڈر شپ چاہئے جو قوم کو منتشر کرنے کے بجائے یکجا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو، انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کے حق میں نہیں ہیں کہ انتخابات میں گریجویشن کی شرط لاگو کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 60 سال سے سر جھکا کر جی رہے ہیں، اب سر اٹھا کر جینے کا وقت آ گیا ہے۔
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کی تبدیلی کیلئے پرانے بتوں کو توڑنے کا وقت آگیا، گذشتہ 60سالوں میں سیاستدانوں کی تربیت کیلئے کوئی فعال کردار ادا نہیں کیا گیا، سیاسی جماعتوں میں حق کی بات کرنیوالوں کو جیل روانہ یا سائیڈ لائن کر دیا جاتا ہے۔ وہ سندھ میوزیم حیدرآباد میں این جی او مہر گڑھ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں جمہوریت اور دھڑے بنانے کی بجائے ہمیں اپنے ذہن کشادہ اور قدآور سیاسی شخصیات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی کیلئے طرز حکمرانی اور رویے تبدیل کرنے ہونگے، ملک اب کسی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا، 60 برس میں ہم نے ملک کی ترقی کی بجائے فرار کے راستے اختیار کئے، دنیا کو قائل کرنے کیلئے اپنے قول و فعل میں موجود تضاد کو ختم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے ہی ترقی کا عمل شروع ہو سکتا ہے، تعلیمی بجٹ پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 67970

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/67970/حق-بات-کرنے-والوں-کو-سائڈ-لائن-کر-دیا-جاتا-ہے-60-برس-میں-فرار-کے-راستے-اختیار-کئے-تبدیلی-کیلئے-پرانے-بتوں-توڑنا-ہو-گا-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org