QR CodeQR Code

ارشد وہرا سے منتخب نمائندوں کے مراسم نے متحدہ کو پریشان کردیا

31 Oct 2017 16:06

ڈاکٹر فاروق ستار نے اعلان کیا ہے کہ ایوانوں سے استعفے دے دیئے جائیں گے تاہم منتخب نمائندوں نے نشستیں چھوڑنے سے انکار کردیا ہے، فاروق ستار کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر پا رہے وہ احتیاط سے کام لے رہے ہیں، اختلاف رائے رکھنے والے ارکان کو منانے کی سر توڑ کوششیں بھی مؤثر ثابت نہیں ہو رہیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ پاکستان کو چھوڑ کر پی ایس پی میں شامل ہونے والے ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرا کے بلدیاتی نمائندگان اور ارکان اسمبلی سے اچھے مراسم ہیں جس نے ایم کیو ایم کی قیادت کی پریشانیاں بڑھا دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے کئی اہم رہنما غیر فعال ہیں اور کئی ارکان اسمبلی پاک سر زمین پارٹی سے رابطے میں ہیں۔ شیراز وحید، زبیر احمد خان، سیف الدین خالد، اور وسیم الدین قریشی سمیت کئی ارکان اسمبلی کی پی ایس پی میں شمولیت کا قوی امکان ہے۔ پی ایس پی ذرائع کے مطابق اس حوالے سے نومبر بہت اہم ہے، اس ماہ ایم کیو ایم کے کئی ارکان اسمبلی اور اہم رہنما پی ایس پی میں شامل ہوسکتے ہیں، کئی رہنماؤں کی پی ایس پی کی قیادت سے ملاقاتیں بھی ہوچکی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے کئی رہنما پارٹی قیادت کے فیصلوں سے نالاں ہیں اس لئے خود کو فعال کرلیا ہے، وہ پارٹی سے رابطے میں بھی نہیں، ان میں عبدالرشید گوڈیل، حیدر عباس رضوی اور عدنان احمد شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ارشد وہرا کا ایم کیو ایم کو خیرباد کہنا پارٹی کے لئے بڑا دھچکا ہے۔ ذرائع کے مطابق ارشد وہرہ کے منحرف ہو جانے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان میں شدید انتشار پیدا ہوا ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے اعلان کیا ہے کہ ایوانوں سے استعفے دے دیئے جائیں گے تاہم منتخب نمائندوں نے نشستیں چھوڑنے سے انکار کردیا ہے، فاروق ستار کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر پا رہے وہ احتیاط سے کام لے رہے ہیں، اختلاف رائے رکھنے والے ارکان کو منانے کی سر توڑ کوششیں بھی مؤثر ثابت نہیں ہو رہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت اس بات سے بھی شدید پریشانی میں مبتلا ہے کہ پارٹی چھوڑنے والے منتخب نمائندوں نے اب تک اپنی نشستوں سے استعفے نہیں دیئے، جس سے ایم کیو ایم کو سینیٹ الیکشن میں بھی مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ خدشہ ہے کہ یہ ارکان سینیٹ الیکشن میں ایم کیو ایم کے خلاف ووٹ استعمال نہ کر بیٹھیں۔ محمد دلاور، بلقیس مختار، شیخ عبداللہ، ندیم رازی، محمود عبدالرزاق اور رکن قومی اسمبلی آصف حسنین کے اسمبلی رکنیت سے استعفے تاحال منظور نہیں کئے جاسکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 680452

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/680452/ارشد-وہرا-سے-منتخب-نمائندوں-کے-مراسم-نے-متحدہ-کو-پریشان-کردیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org