QR CodeQR Code

ڈیفنس اور بلدیہ ٹاؤن میں نیوی کی بسوں میں بم دھماکے دہشت گردی کی بدترین مثال ہے، الطاف حسین

26 Apr 2011 23:18

اسلام ٹائمز:ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے والے پاکستان کی سلامتی اور انسانیت کے کھلے دشمن ہیں، دھماکوں کے ذمہ داروں اور ا ن کے سرپرستوں کو گرفتار کر کے کڑی سے کڑی سزا دی جائے


کراچی:اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز ٹو اور بلدیہ ٹاؤن میں پاک بحریہ کی بسوں میں دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکوں میں پاک بحریہ کے درجنوں افراد کے ہلاکت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ڈیفنس اور بلدیہ ٹاؤن میں پاک بحریہ کی بسوں میں بم دھماکے دہشت گردی کی بدترین مثال ہے اور جو عناصر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے بے گناہ شہریوں کی جان ومال سے کھیل رہے ہیں وہ پاکستان کی سلامتی اور انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے سرکاری ادارے کے ملازمین کو نشانہ بنا کر انہیں ہراساں کرنے والے عناصر قومی سلامتی کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اور ایسے عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہو سکتے۔
الطاف حسین نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ڈیفنس اور بلدیہ ٹاؤن میں پاک بحریہ کی بسوں میں دھماکوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے، بم دھماکوں کے ذمہ داروں اور ا ن کے سرپرستوں کو گرفتار کر کے کڑی سے کڑی سزا دی جائے اور سرکاری اداروں کے ملازمین کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اور مثبت اقدامات کئے جائیں۔ الطاف حسین نے بم دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔


خبر کا کوڈ: 68075

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/68075/ڈیفنس-اور-بلدیہ-ٹاؤن-میں-نیوی-کی-بسوں-بم-دھماکے-دہشت-گردی-بدترین-مثال-ہے-الطاف-حسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org