0
Wednesday 1 Nov 2017 22:55

صیہونی دشمن فرقہ واریت کے ہتھیار سے مسلمانوں کو ختم کرنا چاہتا ہے، آیت اللہ محسن اراکی

صیہونی دشمن فرقہ واریت کے ہتھیار سے مسلمانوں کو ختم کرنا چاہتا ہے، آیت اللہ محسن اراکی
اسلام ٹائمز۔ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں منعقد ہونے والی علمائے اسلام و مقاومت کی عالمی فلسطین کانفرنس ’’الوعد الحق‘‘ کی افتتاحی تقریب میں رہبر معظم انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے نمائندہ خصوصی برائے کانفرنس آیت اللہ شیخ محسن اراکی نے شرکت کی اور اس موقع پر مقام معظم رہبری کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا جبکہ بعد ازاں شیخ محسن اراکی نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کیا۔ شیخ محسن اراکی نے عالمی فلسطین کانفرنس ’’الوعد الحق‘‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی دشمن ہر محاذ پر اسلامی مزاحمت کے سامنے شکست خوردہ ہوچکا ہے، تاہم صہیونی دشمن کی کوشش ہے کہ وہ مسلمانوں کے درمیان تفرقہ ایجاد کرے اور مسلمانوں میں باہمی اختلافات کو ہوا دے کر مسلم دنیا بالخصوص اسلامی مزاحمت اور تحریک آزادی فلسطین کی قوت کو کمزور کرے۔ آیت اللہ اراکی کا کہنا تھا کہ آج کی یہ بین الاقوامی فلسطین کانفرنس اس بات کا ثبوت ہے کہ فلسطین کے مظلوموں کی آواز دنیا بھر میں پہنچ رہی ہے اور یقیناً یہ فلسطینیوں کے لئے صیہونی دشمن سے نجات کی ایک نوید کی مانند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ زمانہ کامیابیوں اور اسلامی مزاحمت کی فتح و نصرت کا زمانہ ہے جبکہ صیہونی دشمن کو ہر محاذ پر شکست کا سامنا ہے۔

انہوں نے شام و عراق اور یمن سمیت خطے میں تکفیری گروہوں کی سرکوبی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی مزاحمت کی عظیم کامیابیوں میں سے ایک عظیم ترین کامیابی لبنان، عراق، شام اور خطے سے تکفیری دہشت گردوں کا قلع قمع کرنا ہے کہ جنہیں براہ راست امریکہ اور اسرائیل مدد فراہم کر رہے ہیں، تاکہ خطے کو غیر مستحکم کرکے تحریک آزادی القدس کے لئے اٹھنے والی آوازوں کو کمزور کر دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ تاریخ تک اسرائیل شکست کھا رہا ہے اور مستقبل میں بھی اسلامی مزاحمت کے سامنے اسرائیل کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آیت اللہ اراکی نے فلسطین کے اندر جاری انتفاضہ کی تحریکوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مظلوم ملت کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے اپنے خون اور اسلحہ کی مدد سے صیہونی دشمن کے قبلہ اول کے خلاف ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم صیہونزم کے مخالف ہیں، کیونکہ صیہونزم نہ صرف فلسطین کی دشمن ہے بلکہ پورے خطے اور پوری دنیا کی انسانیت لئے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے عالمی فلسطین کانفرنس ’’الوعد الحق‘‘ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یقیناً یہ کانفرنس مستقبل میں تحریک آزادی فلسطین کے لئے نئی اور مثبت راہیں ہموار کرنے کا ایک ذریعہ بنے گی۔
خبر کا کوڈ : 680753
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش