0
Thursday 2 Nov 2017 20:06
پنجاب حکومت کی متعصبانہ کارروائیاں تمام حدیں کراس کرچکی ہیں

ناصر شیرازی کے اغواء میں پنجاب حکومت کے ادارے ملوث ہیں، عدلیہ سوموٹو ایکشن لے، مذہبی و سیاسی قائدین کا مطالبہ

ناصر شیرازی کے اغواء میں پنجاب حکومت کے ادارے ملوث ہیں، عدلیہ سوموٹو ایکشن لے، مذہبی و سیاسی قائدین کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے پنجاب سیکرٹریٹ میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید ناصر عباس شیرازی کی جبری گمشدگی میں پنجاب حکومت کے زیرِاثر سکیورٹی ادارے ملوث ہیں، ہم اس شرمناک عمل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پولیس کی طرف سے تاحال سید ناصر عباس شیرازی کی جبری گمشدگی پر ایف آئی آر کا اندراج نہ کرنا افسوسناک ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری ایف آئی آر درج کرکے مجرموں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے اعجاز چودھری، پاکستان عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈا پور، جماعت اسلامی کے امیر العظیم، سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا، جمیعت علمائے پاکستان کے امجد چشتی، ایم ڈبلیو ایم کے علامہ مبارک موسوی، آئی ایس او کے مرکزی صدر انصر مہدی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین بھی موجود تھے۔ اسد نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی متعصبانہ کارروائیاں تمام حدیں کراس کرچکی ہیں، رانا ثناء اللہ کی ملت جعفریہ سے دشمنی اور عناد کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی میں پنجاب کے وزیر قانون ملوث ہیں، ان کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج نہ کرکے پولیس قانون اور آئین کو پامال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ ہم پنجاب حکومت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے، کل لاہور پریس کلب سے ایوان اقتدار تک بھرپور احتجاجی ریلی نکالیں گے اور ملک بھر میں بھی اس ظلم و بربریت کیخلاف بھرپور احتجاجی مظاہرے ہونگے، ہم کسی بھی غیر قانونی اور غیر آئینی عمل کو برداشت نہیں کریں گے۔

پی ٹی آئی کے اعجاز چودھری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بدمعاشوں کی حکومت ہے، پنجاب پولیس شریف خاندان کی آلہ کار بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ناصر شیرازی کے اغواء کی مذمت کرتے ہیں اور ایم ڈبلیو ایم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ کور کمانڈر لاہور اور ڈی جی رینجرز کو آپریشن ردالفساد کے تحت ایکشن لینا چاہیئے اور ناصر شیرازی کو اغوا کرنیوالوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔ انہوں نے کہا ناصر شیرازی کا اغوا موجودہ حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ جے یو پی کے رہنما ڈاکٹر امجد چشتی کا کہنا تھا کہ ناصر شیراز ی کو رانا ثناء اللہ نے اغوا کروایا ہے اور ان کی بازیابی تک جے یو پی ایم ڈبلیو ایم کے ہر احتجاج میں شامل رہے گی۔ جماعت اسلامی کے رہنما امیر العظیم کا کہنا تھا کہ ناصر شیرازی نے ہمیشہ فرقہ واریت اور دہشتگردی کی مذمت کی ہے اور اتحاد امت کیلئے کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کا اغوا حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کا دعویٰ کرنیوالی حکومت بتائے کہ ناصر شیرازی کو زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا۔

سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اغوا کاروں نے واردات کے موقع پر خود آپس میں باتیں کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلٰی اور رانا ثناء اللہ کو بتا دیں کام ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مکمل طور پر بوکھلا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلف میں عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے ترمیم کے بعد ہمیں بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ رانا ثناء اللہ کیخلاف آواز نہ اٹھائیں، لیکن ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کیساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کو ان کی اہلیہ کے سامنے اغوا کرنا بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل ایم ڈبلیو ایم کیساتھ ہے۔ سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ عدلیہ ناصر شیرازی کی بازیابی کیلئے سوموٹو ایکشن لے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کل اڑھائی بجے لاہور پریس کلب سے وزیراعلٰی ہاوس تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، جس کے بعد وزیراعلٰی ہاؤس کے باہر ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس، علامہ مبارک موسوی اور اسد عباس نقوی کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 680925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش