0
Thursday 2 Nov 2017 23:46

پرامن احتجاج ہمارا حق ہے، مردم شماری کے خلاف جلسہ ہر صورت کریں گے، وسیم اختر

پرامن احتجاج ہمارا حق ہے، مردم شماری کے خلاف جلسہ ہر صورت کریں گے، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والی مردم شماری کے خلاف جلسہ ہر صورت میں کریں گے، پرامن احتجاج ہمارا حق ہے، سندھ اور کراچی کی آبادی کو کم کرکے دکھانا ناانصافی ہے اور اس ناانصافی کے خلاف 5 نومبر کو کراچی کے عوام بھرپور احتجاج کریں گے۔ یہ بات انہوں نے راجہ غضنفر علی خان روڈ صدر میں دکانداروں اور عام شہریوں میں مردم شماری کے حوالے سے پمفلٹ کی تقسیم اور اس حوالے سے شہریوں کو آگاہی دینے کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ایم پی اے ہیر سوہو، چیئرمین ای اینڈ آئی پی قیصر امتیاز، یو سی چیئرمین ناصر تیموری، وائس چیئرمین مقیم عالم اور دیگر منتخب بلدیاتی نمائندے بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ ہمیں ابھی تک حکومت کی طرف سے اس سلسلے میں این او سی نہیں ملا، ہم نے لیاقت آباد اور باغ جناح کا آپشن دیا تھا، مردم شماری کے نتائج ہمیں قبول نہیں اور ہم احتجاج سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی آبادی کم دکھانے سے سی پیک کا معاہدہ متاثر ہوگا اور پروجیکٹ کی جو منصوبہ بندی کی جا رہی ہے وہ غلط ہوجائے گی۔ میئر کراچی نے کہا کہ مردم شماری کے غلط نتائج کے اثرات پورے ملک پر پڑیں گے اور پالیسی ساز ادارے اس سے متاثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کمیشن حکومت کی رہنمائی کرے اور کراچی کی صحیح آبادی جو تین کروڑ کے لگ بھگ ہے اسے تسلیم کیا جائے، کیونکہ ایسا نہ کرکے ہم اپنے ملک کی ترقی میں خود ہی رکاوٹ بنتے جا رہے ہیں، اگر 70 سال بعد بھی اپنے اداروں کو غلط اعداد و شمار دیں گے تو ذرا سوچیئے کہ ہم کیا کرنے جا رہے ہیں، لہٰذا ہم چاہتے ہیں کہ حکومت حالیہ مردم شماری کے نتائج پر نظر ثانی کرے اور درست نتائج سامنے لائے۔
خبر کا کوڈ : 680969
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش