0
Friday 3 Nov 2017 19:14

پاراچنار،ایم ڈبلیو ایم کیجانب سے ناصر شیرازی کے اغوا اور تفتان بارڈر پر زائرین کی مشکلات کے حوالے سے احتجاجی پریس کانفرنس

پاراچنار،ایم ڈبلیو ایم کیجانب سے ناصر شیرازی کے اغوا اور تفتان بارڈر پر زائرین کی مشکلات کے حوالے سے احتجاجی پریس کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاراچنار کی جانب سے ناصر عباس شیرازی کے اغوا اور تفتان سرحد پر پھنسے زائرین کو درپیش مشکلات کے خلاف پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم کیجانب سے ناصر عباس شیرازی کے اغوا اور تفتان سرحد پر پھنسے زائرین کو درپیش مشکلات کے خلاف پاراچنار پریس کلب میں احتجاجی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا گیا۔ پاراچنار پریس کلب میں پریس کانفرنس سے ایم ڈبلیو ایم کرم ایجنسی کے سیکرٹری جنرل شبیر ساجدی، مسرت حسین منتظر، علامہ باقر حیدری، علامہ مزمل اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی کے اغوا کو بزدلانہ اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے کہا کہ معزز شہریوں کا اغواء پنجاب حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور شہباز شریف و رانا ثناء اللہ اپنے جرائم چھپانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ شبیر ساجدی کا کہنا تھا کہ ناصر عباس شیرازی کو ملک بھر سے لاپتہ افراد کے حق میں بولنے کی سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بیرونی اشاروں پر ناچنا بند کر دے اور ناصر عباس شیرازی کو فی الفور بازیاب کرایا جائے۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنما شبیر ساجدی نے تفتان بارڈر پر پھنسے زائرین کی مشکلات حل نہ کرنے پر بھی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت زائرین کے امیگریشن پراسس اور دیگر مسائل کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے، تاکہ زائرین چہلم شہدائے کربلا میں شرکت کے لئے بروقت کربلا معلٰی پہنچ سکیں۔
خبر کا کوڈ : 681074
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش