0
Saturday 4 Nov 2017 17:21

لاہور، چہلم امام حسینؑ کے جلوس پر 15 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے، ڈی آئی جی آپریشنز

لاہور، چہلم امام حسینؑ کے جلوس پر 15 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے، ڈی آئی جی آپریشنز
اسلام ٹائمز۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کی زیرصدارت پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں حضرت امام حسین علیہ السلام و شہداء کربلا کے چہلم کے حوالہ سے اہل تشیع علماء کیساتھ اہم اجلاس ہوا جس میں ایس ایس پی آپریشنز منتظر مہدی، ایس ایس پی انوسٹی گیشنز غلام مبشر میکن، تمام ڈویژنل ایس پیز سمیت ایس پی مجاہد فورس فیصل شہزاد، شیعہ عمائدین میں علامہ مشتاق حسین جعفری، آغا شاہ حسین قزلباش، خواجہ بشارت کربلائی اور توقیر بابا سمیت امن کمیٹی کے تمام ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ لاہور پولیس حضرت امام حسینؑ و شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف حفاظتی انتظامات کریگی، چہلم کے مرکزی جلوس پر 15 ہزار سے زائد پولیس اہلکار فرائض سرانجام دینگے۔ ڈاکٹر حیدراشرف کا کہنا تھا کہ مرکزی جلوس سمیت پورے شہر میں تمام مجالس و جلوسوں میں عزاداران کو 4 سطحی سکیورٹی حصار سے گزارا جائیگا، سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے خاردار تاروں، میٹل ڈیٹیکٹرز، واک تھرو گیٹس، بیریئرز، اور سراغ رساں کتوں کا استعمال کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی جلوس کے روٹ پر تمام بلند عمارتوں پر سپیشل کمانڈوز کو تعینات کیا جائیگا، چہلم کے مرکزی جلوس کے روٹ کے چاروں اطراف ڈولفن سکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس کے اہلکار موثر گشت کرینگے، محرم کی طرح چہلم کے موقع پر بھی علماء کرام کا انتہائی تعاون درکار ہے۔ آغا شاہ حسین قزلباش نے کہا کہ شعیہ کمیونٹی ہر قدم پر لاہور پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، لاہور پولیس کی جانب سے مجالس و جلوسوں کے حفاظتی انتظامات کے حوالہ سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کیساتھ ہمارے رضا کار اور سکاؤٹس بھی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے اور ان شاء اللہ مل کر دہشتگردوں اور عزاداری کے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 681253
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش