0
Sunday 5 Nov 2017 18:21

علامہ اقبال ؒ نے فلسفہ خودی کا پیغام دے کر اُمتِ مسلمہ کو اپنی ثقافت پر انحصار کرنے کی دعوت دی، پروفیسر ہارون رشید

علامہ اقبال ؒ نے فلسفہ خودی کا پیغام دے کر اُمتِ مسلمہ کو اپنی ثقافت پر انحصار کرنے کی دعوت دی، پروفیسر ہارون رشید
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان ادب اکادمی ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے سرگودہا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ نے فلسفہ خودی کا پیغام دے کر اُمتِ مسلمہ کو اپنی ثقافت پر انحصار کرنے کی دعوت دی، آج فکرِ اقبال سے استفادہ کی ضرورت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے مزید کہا کہ علامہ اقبال ؒ اپنی ذات میں تحریک تھے، انہوں نے اُردو شاعری کو نیا مزاج بخشا، اقبال نے مسلمانوں کے لیے ایک الگ مملکت کا تصور دیا جسے قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت نے حقیقت کا روپ دیا، نوجوانوں میں جب عقابی روح میں بیدار ہوتی ہے تو منزل کی راہ ہموار ہو جاتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ کلام اقبال کے بغور مطالعہ سے اندازہ ہوتا ہے کہ اقبال کا کلام ہمارے جانے پہچانے شعراء سے بہت کچھ مختلف ہے، اقبال کا کلام ہمارے شعور و احساس قلب و وجدان اور اعصاب میں حرکت و حرارت، سوز و گداز، درد و تپش پیدا کرتا ہے اور پھر ایک ایسا شعلہ جوالہ بن کر بھڑک اٹھتا ہے، جس کی گرمی سے مادیت کی زنجیریں پگھل جاتی ہیں، فاسد معاشرہ اور باطل قدریں ڈھیر، بلکہ جل کر فنا ہو جاتی ہیں، اس سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ ایسا شاعر کس قدر طاقت ور ایمان، پر درد و پر سوز سینہ اور بے چین روح رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کی شخصیت کو بنانے والا سب سے اہم عنصر درحقیقت وہ ہے جو آج ہر مسلمان گھر میں موجود ہے، مگر افسوس کہ آج خود مسلمان اس کی روشنی سے محروم، اس کے علم و حکمت سے بے بہرہ ہیں، میری مراد قرآن مجید ہے، اقبال کی زندگی پر یہ عظیم کتاب ہی اثر انداز ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 681520
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش