0
Wednesday 8 Nov 2017 16:46
سعودی حکام علاقے کی قوموں سے دشمنی برتنے سے باز آجائیں اور دوستی و مفاہمت کے راستے کا انتخاب کریں

امریکہ اور اسرائیل ہمیشہ علاقے کی اقوام کے بدخواہ اور دشمن رہے ہیں، ڈاکٹر حسن روحانی

اگر تم سمجھتے ہو کہ ایران تمہارا دوست نہیں اور امریکہ و اسرائیل تمہارے دوست ہیں تو یہ تمہاری نادانی اور بہت بڑی غلط فہمی ہے
امریکہ اور اسرائیل ہمیشہ علاقے کی اقوام کے بدخواہ اور دشمن رہے ہیں، ڈاکٹر حسن روحانی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل ہمیشہ علاقے کی اقوام کے بدخواہ اور دشمن رہے ہیں، جو علاقے میں موجود رہنے اور اپنا تسلط جمانے کے لئے بہانہ تراشی کرتے ہیں، تاکہ علاقے کی دولت اور تیل کی ثروت لوٹ سکیں۔ ایرانی صدر نے بدھ کے روز اپنی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ مغرب کی بڑی طاقتیں ہمیشہ علاقے میں ملکوں اور قوموں کے درمیان اختلاف و تفرقے کے درپے رہی ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ علاقے کے بعض ملکوں کے حکام اس حقیقت کو سمجھتے ہوئے علاقے کی قوموں میں اتحاد و یکجہتی کا راستہ اختیار کریں گے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ امریکہ علاقے کے ممالک خاص طور پر سعودی عرب کو تباہی کی طرف لے جانے میں خاص مہارت رکھتا ہے، تاکہ مختلف قسم کے ہتھیار فروخت کرکے علاقے میں جنگ کی آگ بھڑکانے کا عمل جاری رکھ سکے۔ انہوں نے علاقے کے مختلف ممالک منجملہ عراق، شام اور یمن کی قوموں سے سعودی عرب کی دشمنی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، علاقے کی قوموں کے لئے خیر خواہی کے علاوہ اور کچھ نہیں چاہتا اور وہ پورے علاقے منجملہ عراق، یمن، شام اور یہاں تک کہ سعودی عرب میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے علاقے کی قوموں پر جارحیت و بمباری کا سلسلہ بند کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ایران کی مداخلت کا بے بنیاد دعویٰ ایسی حالت میں کیا جا رہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے عراق اور شام کی قانونی حکومتوں کی درخواست پر اور دہشت گردی کے خلاف مہم کے دائرے میں ان ملکوں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے نتیجے میں داعش دہشت گرد گروہ کو ناکام بنایا جا سکا۔ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے سعودی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر تم سمجھتے ہو کہ ایران تمہارا دوست نہیں ہے اور امریکہ و اسرائیل تمہارے دوست ہیں تو یہ تمہاری نادانی اور بہت بڑی غلط فہمی ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ توقع کی جاتی ہے کہ سعودی حکام علاقے کی قوموں سے دشمنی برتنے سے باز آجائیں گے اور دوستی و مفاہمت کے راستے کا انتخاب کریں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے سعودی عرب کی جانب سے ایران پر جارحیت کا الزام مسترد کر دیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق ایرانی کابینہ کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران ہمیشہ سے علاقائی استحکام کا خواہاں رہا ہے اور بہت سالوں سے ایران اور سعودی عرب کے عوام کے درمیان دوستانہ اور قریبی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یمن پر مسلسل بمباری کے باعث یمنی عوام میں نفرت کی لہر بڑھ چکی ہے اور وہ جوابی کارروائی پر اتر آئے ہیں۔ ایرانی صدر نے یہ بھی کہا کہ ایران خطے کے ممالک بالخصوص یمن، شام، عراق اور سعودی عرب میں امن، سلامتی، استحکام اور ترقی کا خواہاں ہے۔
خبر کا کوڈ : 682235
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش