0
Thursday 9 Nov 2017 22:34

اربعین کے جلوسوں میں ناصر شیرازی و دیگر شیعہ لاپتہ افراد کے اغوا کیخلاف احتجاج کیا جائیگا، علامہ احمد اقبال رضوی

اربعین کے جلوسوں میں ناصر شیرازی و دیگر شیعہ لاپتہ افراد کے اغوا کیخلاف احتجاج کیا جائیگا، علامہ احمد اقبال رضوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں چہلم امام حسینؑ کے جلوسوں میں ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ اور دیگر شیعہ لاپتہ عزاداروں کی جبری گمشدگی کے خلاف پرامن احتجاج کیا جائے گا، جبکہ چہلم امام حسین علیہ السلام کے بعد حکومتی ایوانوں کا گھیراؤ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محمد عباس جنرل سیکرٹری آئی ایس او کراچی ڈویژن، مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی رہنما علامہ نشان حیدر، علامہ محمد صادق جعفری، علامہ اظہر حسین نقوی، علامہ مبشر حسن اور علامہ احسان دانش بھی موجود تھے۔ علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ایم ڈبلیو ایم سے حکومت مخالف پالیسیوں کا انتقام لینے کے لئے ناصر شیرازی کو ریاستی اداروں کے ہاتھوں اغوا کرایا، ناصر شیرازی کے اغوا کی منصوبہ بندی میں شہباز شریف، حمزہ شہباز اور رانا ثناء اللہ براہ راست ملوث ہیں، پنجاب حکومت نے ملت تشیع کو مسلسل عتاب کا شکار بنایا ہوا ہے، عزاداری سید الشہداء پر پابندی، بانیان پر بلاجواز مقدمات کا اندراج اور بے گناہ شیعہ نوجوانوں کی جبری گمشدگی پنجاب حکومت کے وہ مذموم ہتھکنڈے ہیں، جو ملت تشیع پر گذشتہ کئی سالوں سے آزمائے جا رہے ہیں، ان مظالم پر پوری ملت تشیع پنجاب حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔

علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ ملک بھر میں چہلم امام حسینؑ کے جلوسوں میں ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ اور دیگر شیعہ لاپتہ عزاداروں کی جبری گمشدگی کے خلاف پرامن احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت قانون و انصاف کی برملا تضحیک کر رہی ہے، عدالت عالیہ کے حکم کے باوجود ناصر شیرازی کو عدالت کے سامنے پیش نہیں کیا گیا اور مزید ایک ہفتے کی مہلت مانگ لی گئی، ناصر شیرازی کی صحت و سلامتی کے حوالے سے ہمیں بیشتر خدشات ہیں، پنجاب حکومت ظالموں کی حکومت ہے، جن پر قطعاََ اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی ایک سیاسی جماعت کا مرکزی رہنما، ہائی کورٹ کا سینیئر وکیل ہے، اتحاد بین المسلمین کے لئے ناصر شیرازی کی کوششوں کی تمام سیاسی جماعتیں معترف ہیں، وہ ملک میں بڑھتی ہوئی تکفیریت کے خلاف للکار سمجھے جاتے ہیں، انہیں اسی جرم کی سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چہلم کے بعد حکومتی ایوانوں کے گھیراؤ کی جس تحریک کا آغاز کرنے ہم جا رہے ہیں، وہ ظالم حکمرانوں کو ہمیشہ یاد رہے گی، ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ فوراً ناصر شیرازی کو رہا کرے، بصورت دیگر ہمارا احتجاج حکومت ایوانوں کی بنیادیں ہلا دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ناصر شیرازی کو فوراً بازیاب نہ کرایا گیا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری شہباز شریف، رانا ثناء اللہ اور ان کے حواریوں پر ہوگی، رانا ثناء اللہ نے عدالت عالیہ کے دو ججز کو شیعہ جج کہہ کر تعصب کو ہوا دی، جو بذات خود جرم ہے، اس جرم کی سزا رانا ثناء اللہ کو دینے کے بجائے بے گناہ ناصر شیرازی کو اغوا کر لیا گیا، ملت تشیع پاکستان کی سب سے بڑی افرادی قوت ہیں، بدمعاش حکومت ہمیں تنہا نہ سمجھے، ہم لاقانونیت کے مرتکب افراد کے خلاف اس وقت تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے، جب تک انہیں انصاف کے کٹہرے میں نہ لایا جاتا۔انہوں نے کہا کہ اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقعہ پر ملک کے مختلف شہروں سے نکلنے والے ماتمی جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے تین ہزار اسکاؤٹس ملک کے مختلف شہروں میں متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ مل کر سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ کراچی، راولپنڈی، کوئٹہ، لاہور اور پشاور سمیت حساس مقامات پر رینجرز اور ایف سی کی اضافی نفری تعینات ہونی چاہیئے، تاکہ شرپسند عناصر کو کسی شرپسندی کا موقعہ نہ مل سکے، جلوسوں کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کئے جائیں اور گرد و نواح کی تمام شاہراؤں کی کڑی نگرانی کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بانیان جلوس اور اسکاؤٹس کے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل طور پر تعاون کریں۔
خبر کا کوڈ : 682376
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش