0
Saturday 11 Nov 2017 20:16

مصطفیٰ کمال نے سیاسی اتحاد کا موقع ضائع کردیا، فیصل سبزواری

مصطفیٰ کمال نے سیاسی اتحاد کا موقع ضائع کردیا، فیصل سبزواری
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ ہم نے سیاسی اتحاد کی شروعات کے لئے قدم اٹھایا تھا لیکن پی ایس پی کے چئیرمین مصطفیٰ کمال نے یہ موقع ضائع کردیا۔ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہم نے 5 نومبر کو مردم شماری میں زیادتی اور اپنے کارکنان کی ماورائے عدالت قتل اور گمشدگی کے خلاف جلسہ کیا اور فیصلہ کیا کہ کراچی کی خوشحالی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے اور اتحاد کی دعوت دیں گے، جس کی شروعات پاک سر زمین پارٹی سے کی لیکن پی ایس پی کے چئیرمین مصطفیٰ کمال نے بہت ہی قیمتی موقع ضائع کردیا۔ فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہم سندھ کی ترقی کے لئے سیاسی اتحاد کی پیشکش پر قائم ہیں اور مستقبل میں بھی یہ کوششیں جاری رہیں گی، ایم کیو ایم پاکستان نا کسی جماعت میں ضم ہوئی ہے اور نا ہی آئندہ ہوگی، اگر مصطفیٰ کمال یہ سمجھتے ہیں کہ ہم اپنی شناخت چھوڑ دیں گے تو یہ نہیں ہوسکتا۔ رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے ہماری جماعت کے سربراہ سمیت دیگر کو بھی نشانہ بنایا جس کا جواب باری باری دیں گے لیکن مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میں نے میڈیا کو خبریں لیک کیں، میں چیلنج کرتا ہوں اور کہتا ہوں کہ مصطفیٰ کمال، متعلقہ صحافی اور میرے موبائل کا فرانزک ٹیسٹ کرالیا جائے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، ان کے بھونڈے الزامات سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن ان کے بیانات سے ہمارے ناراض کارکنان اور رہنما باہم شیر و شکر ہوگئے ہیں۔ فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہمیں سب پتہ ہے کہ مصطفیٰ کمال دبئی نجی کام کے سلسلے میں نہیں بلکہ ایک شخص سے ملاقات کے لئے گئے تھے جس پر مختلف نوعیت کے الزامات ہیں اور پاکستان کو مطلوب ہے، لیکن ہم کسی پر الزامات نہیں لگانا چاہتے جب کہ پی ایس پی کے بیشتر کارکنان ہمارے رابطے میں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 682737
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش