QR CodeQR Code

دشمن خطے میں نئی سازشوں کے تانے بانے بن رہے ہیں

امریکہ، اسرائیل اور انکے دم چھلّے شدید غم و غصے میں مبتلا ہیں، ڈاکٹر حسن روحانی

11 Nov 2017 21:21

تہران میں مقننہ اور عدلیہ کے سربراہوں کیساتھ مشترکہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ آج عراق، شام اور لبنان کے عوام اپنی مسلح افواج کی جانفشانی اور ایران سمیت مختلف دوست ملکوں کی حمایت سے مشکلات پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور دہشتگردی کا مسئلہ بھی ختم ہونیوالا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ پے در پے ناکامیوں کے بعد دشمن خطے میں سازشوں کے نئے تانے بانے بننے میں مصروف ہے۔ تہران میں مقننہ اور عدلیہ کے سربراہوں کے ساتھ مشترکہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ آج عراق، شام اور لبنان کے عوام اپنی مسلح افواج کی جانفشانی اور ایران سمیت مختلف دوست ملکوں کی حمایت سے مشکلات پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور دہشت گردی کا مسئلہ بھی ختم ہونے والا ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ خطے کے ملکوں کے حصے بخرے کرنے اور جغرافیائی سرحدوں میں تبدیلی کی سازشیں بھی ناکام ہوگئی ہیں، لہذا امریکہ، اسرائیل اور ان کے دم چھلّے شدید غم و غصے میں بھرے ہوئے ہیں۔ ایرانی صدر نے یمن کے محاصرے کو ناقابل تحمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یمن کے عوام پر کئی سال سے بمباری کی جا رہی ہے اور اس ملک میں قحط اور بیماریوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، جبکہ اس ملک کے عوام کے لئے فضائی، سمندری اور زمینی راستوں سے امداد پہنچانے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

ایران کے صدر نے واضح کیا کہ خطے کی موجودہ صورت حال سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ دشمن خطے میں نئی سازشوں کے تانے بانے بن رہے ہیں، لہذا عوام کو اس حوالے سے پوری طرح ہوشیار اور اعلٰی حکام کو لازمی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورت حال کے حوالے سے اخبارات و جرائد اور الیکٹرانک و شوشل میڈیا چلانے والوں پر بھی بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ پوری گہرائی کے ساتھ بڑی طاقتوں اور خاص طور پر امریکہ کی سازشوں پر نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بڑی طاقتیں اور خاص طور پر حکومت امریکہ لوگوں میں مایوسی پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لہذا سب کو امریکہ کے پھیلائے ہوئے دام سے بچنے کی کوشش کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے اربعین مارچ میں ایرانی عوام کی بھرپور شرکت اور زائرین حسینی کی مہمان نوازی اور سکیورٹی کی فراہمی پر عراقی عوام اور حکومت کی قدر دانی بھی کی۔


خبر کا کوڈ: 682785

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/682785/امریکہ-اسرائیل-اور-انکے-دم-چھل-ے-شدید-غم-غصے-میں-مبتلا-ہیں-ڈاکٹر-حسن-روحانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org