0
Monday 13 Nov 2017 14:44

ڈاکٹر عاصم اور ڈاکٹر فاروق ستار کی ملاقات پر فریال تالپور برہم

ڈاکٹر عاصم اور ڈاکٹر فاروق ستار کی ملاقات پر فریال تالپور برہم
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے ڈاکٹر عاصم اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان ہونے والی ملاقات کا نوٹس لے لیا۔ پی پی پی کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فریال تالپور کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عاصم نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کے ساتھ گزشتہ روز (12 نومبر کو) ہونے والی ملاقات سے قبل پارٹی لیڈر شپ کو اعتماد میں نہیں لیا۔ ڈاکٹر عاصم اور ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان ہونے والی ملاقات کو دونوں رہنماؤں کی نجی ملاقات قرار دیا جارہا ہے، تاہم رکنِ قومی اسمبلی فریال تالپور کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس ملاقات سے میڈیا کے مخصوص حلقوں میں یہ تاثر ابھر رہا ہے کہ ڈاکٹر عاصم پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا پیغام لے کر ایم کیو ایم کے سربراہ کے پاس گئے تھے۔ پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ایک نجی ملاقات تھی تو پھر کیو ایم کی جانب سے یہ بیان کیوں جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عاصم حسین اور ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ فریال تالپور پیپلز پارٹی کے سیاسی امور کی نگرانی کرتی ہیں تاہم انہوں نے اس ملاقات کا نوٹس لے لیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم کی اس وقت طبیعت ٹھیک نہیں، ایسے میں ڈاکٹر فاروق ستار کو ڈاکٹر عاصم کے پاس جانا چاہیئے تھا لیکن ڈاکٹر عاصم حسین، ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات کے لئے کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں ان کی رہائش گاہ گئے۔ خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین اور ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر عاصم حسین، ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات کے لئے پی آئی بی کالونی تشریف لائے۔ متحدہ پاکستان کے اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سندھ کی شہری آبادی کے ساتھ گزشتہ 9 برس سے ہونے والی مبینہ ناانصافی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر فاروق ستار نے بلدیاتی حکومتوں کو انتظامی اور مالی اختیارات دینے پر زور دیا تھا جبکہ مطالبہ کیا کہ سندھ کی شہری آبادی کے ساتھ ہونے والی مبینہ ناانصافی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عاصم حسین نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کو مذکورہ مسائل حل کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔
خبر کا کوڈ : 683082
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش