0
Monday 13 Nov 2017 17:40

خان صاحب کو پتہ نہیں کس چیز کی جلدی ہے، الیکشن مقررہ وقت پر ہی ہونے چاہئیں، بلاول بھٹو زرداری

خان صاحب کو پتہ نہیں کس چیز کی جلدی ہے، الیکشن مقررہ وقت پر ہی ہونے چاہئیں، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب کو پتہ نہیں کس چیز کی جلدی ہے الیکشن مقررہ وقت پر ہی ہونے چاہئیں، ہم چاہتے ہیں کہ اقتدار کی منتقلی جمہوری طریقے سے ہو۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ مردم شماری کو بالکل ہی متنازع بنا دیا گیا ہے، مردم شماری میں شہر کراچی کے 6 ملین لوگوں کا کم اندارج کیا گیا ہے، اگر ہمارے تحفظات دور نہ کیے گئے تو مردم شماری کے نتائج تسلیم نہیں کریں گے۔ آئندہ الیکشن پر بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی چئیرمین کا کہنا تھا کہ الیکشن مقررہ وقت پر ہی ہونے چاہئیں، ہم چاہتے ہیں کہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے اور اقتدار کی منتقلی جمہوری طریقے سے ہو، لیکن عمران خان کو پتہ نہیں کس چیز کی جلدی ہے، شاید انہیں ڈر ہے کہ الیکشن وقت پر ہوئے تو ان کا مینڈیٹ کم ہو جائے گا۔ کراچی کی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کراچی میں جو کچھ ہوا اس سے کراچی کے عوام کی تذلیل ہوئی ہے، اقتدار میں آ کر کراچی کو اس کا حق دیں گے۔ مسلم لیگ نون پر غصہ نکالتے ہوئے پی پی قائد کا کہنا تھا کہ ناکام لیگ ہمیشہ عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ناکام لیگ بالکل ناکام ہی رہی ہے، 2018 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کو موقع ملے گا لیکن اسمبلی اپنی مدت پوری کرے اور انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں۔

چیرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ سے نظریاتی اختلافات ہیں، جہاں ان کے ذاتی مسائل ہیں وہ جمہوریت میں شامل کرنا چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی کا نظریہ سب کے سامنے ہے، جمہوریت نے چلنا ہے، (ن) لیگ اور پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کا حق ہے وہ الیکشن لڑیں۔
مردم شماری پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری پر ہمارے تحفظات دور کیے جائیں، وزیراعلیٰ سندھ نے مردم شماری کےحوالےسے خط بھی لکھے پر جواب نہیں آیا، سندھ اور پنجاب کی خانہ شماری میں فرق ہے، مردم شماری میں 60 لاکھ لوگوں کو شمار نہیں کیاگیا، خانہ شماری کا عمل بھی متنازع تھا۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے، جو کراچی میں ہوا اس کی وضاحت ہونی چاہیے، ایم کیوایم اور پی ایس پی نے جو کیا انہیں جواب دینا ہے، انہوں نے ایک دوسرے پر سنجیدہ الزامات لگائے۔ چیرمین پی پی کا کہنا تھا کہ کراچی کے ڈرامے کے پیچھے کون تھا اس کے بارے میں نہیں جانتا لیکن کچھ لوگ پیپلزپارٹی کو روکنا چاہتے ہیں، لوگ ہماری اکثریت کو مانتے ہیں، ہم آئندہ الیکشن میں جیتیں گے اور کراچی کی بھی نمائندگی کریں گے۔ سابق صدر پرویز مشرف سے متعلق انہوں نے کہا کہ مشرف مفرور ہیں انہیں واپس آکر عدالت میں پیش ہونا ہے، ان پر ایک سابق وزیراعلیٰ اور وزیراعظم کے قتل کا کیس ہے، وہ جواب دہ ہیں اور انہیں جواب دینا ہے۔
خبر کا کوڈ : 683110
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش