0
Monday 13 Nov 2017 18:35

کراچی، ایم ڈبلیو ایم کے تحت نیاز حلیم کا اہتمام، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، پی ایس پی سمیت متعدد جماعتوں کی شرکت

کراچی، ایم ڈبلیو ایم کے تحت نیاز حلیم کا اہتمام، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، پی ایس پی سمیت متعدد جماعتوں کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے صوبائی سیکریٹریٹ سولجر بازار کراچی میں مذہبی، سیاسی جماعتوں، وکلاء، پولیس حکام، دانشوروں، الیکٹرونک، پرنٹ میڈیا، صحافی حضرات، تاجر برادری، مساجد و امام بارگاہ کے ٹرسٹیز، اسکاؤٹ تنظیموں، ماتمی انجمنوں کے لئے بیاد شہدائے کربلا نیاز حلیم کا اہتمامِ کیا گیا۔ جس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ باقر عباس زیدی، علامہ مرزا یوسف حسین، صوبائی رہنما مولانا نشان حیدر، ناصر الحسینی، کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل میثم عابدی، مولانا صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ سجاد شبیر رضوی، مولانا احسان دانش، پیپلز پارٹی کے ممبر صوبائی اسمبلی سعید غنی، شکیل چانڈیو، متحدہ قومی موومنٹ کے رکن صوبائی اسمبلی قمر عباس رضوی، پاک سر زمین پارٹی کے رہنما سیف یار خان، آفاق جمال، مسلم لیگ قیوم کے رہنما اظہر عباس، پاکستان فلاح پارٹی کے رہنما مولانا منیر احمد شاکر، عبدالغفار خانانی، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما راؤ کامران، نور مجسم نعت کونسل کے علی ابرار، محمد احسن قادری، پاکستان علما مشائخ کونسل کے رہنما مولانا عبداللہ جونا گڑھی، آل پا کستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان، مسلم لیگ ق کے رہنما نفیس حیدر، پیس ایمبسڈر ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر اورنگزیب سلطان، ڈی ایس پی جمشید ٹاؤن جمیل بنگش، ایس ایچ او تھانہ سولجر بازار محمد رافع، بوتراب اسکاؤٹس کے ندیم رضا، محمد ضامن، عابدی میموریل ٹرسٹ کے موسیٰ عابدی، پیپلز پارٹی ایسٹ کے سلیم سچوانی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ نیاز حلیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ باقر زیدی نے کہا کہ کربلا کے شہیدوں کی یاد منانا اس دور میں افضل ترین عمل ہے، کیونکہ ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت کو جو درس امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں نے اپنے شہادت کے ذریعے پیش کیا ہے وہ تاقیامت زندہ رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج مظلوم شیعہ مسنگ پرسنز کے کیسوں کی پیروی اور لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی نااہلی کی درخواست دینے کے جرم میں ناصر شیرازی کو لاپتہ کیا گیا ہے، ناصر شیرازی کا جرم یہ ہے کہ اس نے ظلم کیخلاف آواز حق بلند کی ہے، اس نے پنجاب حکومت کے جرائم کیخلاف عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹایا، ناصر شیرازی ملک بھر کے مظلوم عوام کی آواز ہے، ناصر شیرازی کے اغوا پر خاموش نہیں بیٹھیں گے، ناصر شیرازی کو بازیاب نہ کیا گیا تو ملک بھر کے مظلوم عوام تخت لاہور کے شہزادوں کا جینا محال کردیں گے، ہم تمام محب وطن جماعتوں سمیت تمام حلقوں کو دعوت دیتے ہیں کہ پاکستان کی سالمیت کی خاطر ہم آواز ہوکر وطن عزیز کو تکفیریت اور دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے اپنی کوششیں کو مزید تیز کریں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی تمام محب وطن قوتوں کو اکھٹا ہونا ہوگا، راہ اہل بیت ؑ کو زندہ رکھ کر ہی پاکستان کی سالمیت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ پی ایس پی رہنما سیف یار خان کا کہنا تھا کہ تکفیریت کیخلاف سب کو مشترکہ طور پر لائحہ عمل بنانا ہوگا تاکہ پاکستان میں ایک ایسا معاشرہ ترتیب دیا جاسکے کہ جہاں ہر مذہب کے لوگ امن و سکون کے ساتھ زندگی بسر کرسکیں۔ ایم کیو ایم رہنما قمر عباس رضوی نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف ہم سب ایک ہیں، ہمیں دہشت گردوں میں اچھے اور برے کی تمیز ختم کرکے اور مظلوم اور ظالم میں فرق کو سامنے رکھتے ہوئے بلاتفریق کاروائیاں کرنی ہونگی تاکہ پاکستان کے داخلی امن و امان کو برقرار رکھا جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 683125
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش