0
Wednesday 27 Apr 2011 23:10

کراچی،ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار،ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائیگی، رحمان ملک

کراچی،ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار،ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائیگی، رحمان ملک
کراچی:اسلام ٹائمز۔ کراچی میں پولیس کی مختلف ٹیموں نے ٹارگٹ کلنگ کی مختلف وارداتوں میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق لیاقت آباد سپر مارکیٹ تھانے کی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 2 ملزمان جنید عرف کالا اور عرفان عرف عفو کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان ایس ایچ او تھانہ سپر مارکیٹ شفیق تنولی کے بھائی نوید تنولی کی ٹارگٹ کلنگ میں مبینہ طور ملوث تھے۔ ایس پی لیاقت آباد ٹاؤن نوید خواجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں 45 افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہیں جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے محمد پور میں ایک کارروائی کے بعد پولیس نے ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ایک سیاسی تنظیم کے کارکن عمیر ولد فضل ربی کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ایس پی اورنگی ٹاؤن خرم وارث کے مطابق ملزم مختلف مسافر بسوں پر فائرنگ کرنے کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور ملزم نے روٹ نمبر ون ڈی ایک بس پر مبینہ طور پر فائرنگ کر کے سات افراد کو ہلاک کرنے سمیت دیگر وارداتوں میں مطلوب تھا۔ سی آئی ڈی پولیس کی ایک ٹیم نے ماڑی پور میں کارروائی کرکے ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ملزم بخت چانڈیو کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی فیاض خان کے مطابق ملزم ایک لسانی تنظیم سے تعلق رکھتا ہے جو گلستان جوہر میں ہونے والی حالیہ ٹارگٹ کلنگ زمین پر قبضے اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ 
ادھر وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں صحافیوں پر تشدد کے واقعہ پر تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او کو معطل کر دیا ہے۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی ،ٹارگٹ کلنگ میں گرفتار افراد کی پارٹی وابستگی کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں ، وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلنگ میں بتدریج کمی آئی ہے، کسی کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، رحمان ملک نے کہا کہ ملک میں لاپتہ افراد کی موجودہ تعداد 177 ہے۔
خبر کا کوڈ : 68329
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش