0
Wednesday 15 Nov 2017 14:21

باپ اور بیٹی نیب ریفرنسز میں حاضری سے مستثنیٰ

باپ اور بیٹی نیب ریفرنسز میں حاضری سے مستثنیٰ
اسلام ٹائمز۔ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایک ہفتے کے لیے لندن جانے کی اجازت دے دی جب کہ مریم نواز کو ایک ماہ کے لیے حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ شریف خاندان کے افراد کے خلاف نیب ریفرنسز میں باقاعدہ ٹرائل آج سے شروع ہوا ہے۔ نواز شریف نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی کیمو تھراپی ہو رہی ہے اس لیے 20 نومبر سے ایک ہفتے کے لیے لندن جانے کی اجازت دی جائے۔ ظافر خان میری عدم موجودگی میں نمائندہ ہوں گے۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 20 سے 27 نومبر تک 7 دن کے لیے لندن جانے کی اجازت دے دی۔ مریم نواز نے بھی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کرتے ہوئے جہانگیر جدون کو اپنا نمائندہ مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔ عدالت نے ان کی بھی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں ایک ماہ کے لیے استثنیٰ دے دیا۔ کیس کی سماعت 22 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔ آج سماعت میں سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی خاتون افسر سدرہ منصور نے ایون فیلڈ ریفرنس میں اپنا بیان قلمبند کرادیا ہے۔ سدرہ منصور نے حدیبیہ پیپر ملز کا ریکارڈ اور 2000ء سے 2005ء کی آڈٹ رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی۔ استغاثہ کے دوسرے گواہ ایف بی آر ان لینڈ ریونیو کے جہانگیر احمد نے بھی بیان ریکارڈ کرادیا اور شریف فیملی کے انکم ٹیکس ریٹرن بھی نیب کو فراہم کردیے۔ وکلائے صفائی نے سدرہ منصور کی فراہم کردہ دستاویزات پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ فوٹو کاپیاں ہیں اصل نہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب آرڈیننس کے مطابق فوٹو کاپیاں ہی ضروری ہوتی ہیں۔ نواز شریف کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری، پرویز رشید، مریم اورنگزیب، طارق فاطمی، طارق فضل چوہدری بھی احتساب عدالت آئے۔ واضح رہے کہ نواز شریف پر 8 نومبر کو 3 نیب ریفرنسزمیں براہ راست فرد جرم عائد کی گئی جب کہ عدالت نے ریفرنسز کو یکجا کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی تھی۔
خبر کا کوڈ : 683520
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش